آسٹریلیائی لڑکیاں دولتِ اسلامیہ میں شمولیت کیلئے کوشاں

ملبورن ۔ 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا میں پولیس کا کہنا ہے کہ ملبورن سے تعلق رکھنے والی ایک درجن کے قریب لڑکیاں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ میں شمولیت اختیار کرنے کی کوشش کر چکی ہیں۔حکام کے مطابق ان لڑکیوں کو، جن کی عمریں 18 سے 29 برس کے درمیان ہیں، سوشل میڈیا پر بھرتی کیا گیا۔وکٹوریہ پولیس کی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ان میں سے پانچ اس وقت دولتِ اسلامیہ کے جنگجوؤں کے ساتھ رہ رہی ہیں۔ 2014 کے وسط سے دولت اسلامیہ میں آسٹریلیائی شہریوں کی شمولیت کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔آسٹریلیائی حکومت جلد ہی ایسی قانون سازی کرنے والی ہے جس کے تحت عراق یا شام میں لڑنے والے ایسے افراد کی آسٹریلین شہریت ختم کر دی جائیگی جو دوہری شہریت کے حامل ہوں گے۔اس قانون سازی کے بعد ایسے افراد کے خلاف بھی کارروائی ممکن ہو سکے گی جو آسٹریلیا میں رہتے ہوئے شدت پسند گروپوں کی حمایت کرتے ہیں۔آسٹریلیائی حکام نے رواں برس اپریل میں پیکس نامی ٹاسک فورس تشکیل دی تھی جس کا کام وکٹوریہ کے ان شہریوں پر نظر رکھنا تھا جن کے بارے میں شبہ تھا کہ وہ شدت پسندوں سے ملے ہوئے ہیں۔