لوک سبھا میں کانگریس، ترنمول کانگریس اور تلگودیشم ارکان کا احتجاجی مظاہرہ
نئی دہلی 2 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ایس سی / ایس ٹی (انسداد مظالم) قانون اور آسام میں بنگالیوں کے تحفظ کے لئے ایک مضبوط بِل فوری متعارف کروانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس، ترنمول کانگریس اور تلگودیشم نے آج لوک سبھا میں شدید احتجاج کیا۔ جیسے ہی ایوان کی کارروائی کا آغاز ہوا، اپوزیشن ارکان اُٹھ کھڑے ہوئے اور ایوان کے وسط میں پہونچ کر احتجاج شروع کیا۔ یہ ارکان وقفہ سوالات کو ملتوی کرکے مسائل پر بحث کرنے کا مطالبہ کررہے تھے۔ کانگریس لیڈر ملکارجن کھرگے نے کہاکہ درج فہرست ذاتوں اور قبائلیوں کا تحفظ ضروری ہے اور اس قانون کو مضبوط ترین بنانا بھی ضروری ہے۔ کھرگے نے دعویٰ کیاکہ 20 مارچ کو سپریم کورٹ کے احکام کے باعث دلتوں پر مظالم میں اضافہ ہوا ہے۔ ملک کی 25 فیصد آبادی ظلم و زیادتیوں کا شکار ہورہی ہے۔ سپریم کورٹ نے اس قانون سے متعلق بعض اُمور کو نرم کرنے کی سفارش کی تھی اور قانون کو مضبوط بنانے کے لئے ایک ترمیمی بل متعارف کرانے کا مطالبہ کیا۔