آسام رائفلز کو خصوصی اختیارات پر اسمبلی میں احتجاج

گوہاٹی 22 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس اور اے آئی یو ڈی ایف نے آج آسام اسمبلی سے واک آؤٹ کردیا جبکہ آسام رائفلز کو عطا کردہ خصوصی اختیارات پر بحث کے لئے اُن کی تحریک التواء کو اسپیکر ہتندر ناتھ گوسوامی نے مسترد کردیا۔ ریاستی حکومت نے دیگر ذرائع سے اِس معاملے پر بحث پر آمادگی ظاہر کی تھی لیکن کانگریس، اے آئی یو ڈی ایف اور اے جی پی اپنے مطالبہ پر مصر رہے کہ اِس معاملہ پر صرف تحریک التواء کے ذریعہ مباحث کئے جائیں۔ کانگریس ، اے آئی یو ڈی ایف اور اے جی پی کی طرف سے 3 علیحدہ تحریک التواء پیش کئے گئے کیوں کہ اُن کا احساس ہے کہ آسام رائفلز کو خصوصی اختیارات دینے والا متنازعہ اعلامیہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور ملٹری حکمرانی کا موجب بنے گا۔ جمعرات کو وزارت داخلہ نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے آسام رائفلز کے پرسونل کو اختیار دے دیا کہ آسام، اروناچل پردیش، منی پور، ناگالینڈ اور میزورم میں وارنٹ کے بغیر کسی کو بھی گرفتار کرسکتے ہیں اور کوئی بھی مقام پر تلاشی کی جاسکتی ہے۔