3.29 کروڑ کے منجملہ 1.9 کروڑ افراد کے ناموں کی اشاعت
گوہاٹی ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسام میں عرصہ دراز سے منتظر قومی رجسٹر برائے شہری (این آر سی) کا پہلا ڈرافٹ آج جاری کردیا گیا ہے۔ اس ڈرافٹ میں جملہ 3.29 کروڑ میں سے 1.9 کروڑ افراد کے نام شائع کئے گئے ہیں جنھیں حکومت آسام نے اُنھیں ہندوستانی شہری کی حیثیت سے تسلیم کیا ہے۔ رجسٹرار جنرل آف انڈیا سیلیش نے بتایا کہ جن افراد کے نام اِس ڈرافٹ میں شامل نہیں کئے گئے اُنھیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے چونکہ مختلف تحقیقاتی عمل ابھی جاری ہے اور ایک بار یہ تحقیقات جوں ہی مکمل ہوگی، اُن افراد کے نام بھی دوسرے مرحلہ کے ڈرافٹ میں شائع کردیئے جائیں گے۔ کل رات ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ یہ مجوزہ ڈرافٹ کا ایک حصہ ہے جس میں صرف 1.9 کروڑ افراد کے نام شامل ہیں۔ جن کے دستاویزات کی تنقیح مکمل کرلی گئی ہے جبکہ مابقی افراد کے دستاویزات متعلقہ عہدیداروں کے پاس تنقیح کے مراحل میں ہے۔ جیسے ہی ایک بار تنقیح کا یہ کام پورا ہوجاتا ہے، اُس کے بعد دوسرا ڈرافٹ جاری کردیا جائے گا لہذا ایسے افراد جن کے نام اِس بار اِس ڈرافٹ میں شامل نہیں ہیں، اُنھیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ پوچھے جانے پر کہ آئندہ ڈرافٹ کب جاری کیا جائے گا، رجسٹرار جنرل نے کہاکہ یہ سپریم کورٹ کے رہنمایانہ ہدایت کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔ جن کی نگرانی میں تنقیح کا عمل مکمل کیا جارہا ہے۔ رجسٹرار جنرل نے کہاکہ سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق مذکورہ درخواستوں کے تنقیحی عمل کو 2018 ء تک مکمل کرلیا جانا ہے۔ واضح رہے کہ اِس حوالہ سے درخواست دینے کا آغاز مئی 2005 ء میں ہوا تھا۔ جس میں آسام کے 68.27 لاکھ خاندانوں سے جملہ 6.5 کروڑ ڈاکومنٹس حاصل کئے گئے۔ مسٹر سلیش نے کہاکہ جاری کئے گئے ڈرافٹ میں جن افراد کے نام شامل ہیں، وہ اپنے نام یکم جنوری سے این آر سی کے سیوا کیندر میں جاکر دیکھ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ لوگ آن لائن یا ایس ایم ایس خدمات کے ذریعہ بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔