حیدرآباد 5 مئی (پی ٹی آئی) آندھراپردیش روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (اے پی ایس آر ٹی سی) کے ملازمین نے اپنی تنخواہوں میں اضافہ کا مطالبہ کرتے ہوئے کل سے ہڑتال شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ سرکاری ذرائع نے کہاکہ آر ٹی سی ملازمین اپنی تنخواہوں میں 43 فیصد فٹمنٹ الاؤنس کا مطالبہ کررہے ہیں لیکن کارپوریشن کے انتظامیہ نے کمزور مالی موقف کے سبب اِس مطالبہ کو قبول کرنے سے معذوری کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع نے کہاکہ مسئلہ کی یکسوئی کے لئے دونوں فریقین کے مابین منعقدہ بات چیت کامیاب نہیں ہوسکی۔ یونین لیڈر پدماکر نے کہاکہ ملازمین کے پاس اب ہڑتال شروع کرنے کے سوائے کوئی دوسرا راستہ باقی نہیں رہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس ادارہ پر مزید مالی بوجھ کے لئے ملازمین کو مورد الزام نہیں ٹھہرایا جاسکتا کیونکہ ملازمین اِس صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے سخت محنت کرنے تیار ہیں۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال آندھراپردیش کی تقسیم کے بعد اے پی ایس آر ٹی سی کی دو ریاستوں میں تقسیم عمل میں نہیں آسکی ہے۔