آر ٹی سی بس کے آٹھ سارقین گرفتار

حیدرآباد ۔ 27 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : آر ٹی سی بس کا سرقہ کرنے کے سنسنی خیز واقعہ میں پولیس نے 8 افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز بس کا سرقہ کرنے کے بعد اس کو ملبہ میں تبدیل کردیا گیا تھا ۔ املی بن بس ڈپو سے مسروقہ بس ناندیڑ سے دور برآمد ہوئی تھی ۔ یہ بات کمشنر پولیس انجنی کمار نے بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ 8 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ جب کہ ایک مفرور بتایا گیا ہے ۔ سٹی پولیس کمشنر کے مطابق سید عابد ، سید زاہد ساکنان چلکل گوڑہ ، اسکراپ کے کاروباری کے علاوہ نوید ساکن ناندیڑ ، عمیر ، سید سلمان ، شفیع کلیم ، باگوان جو پیشہ سے گیاس کٹنگ کا کام کرتے ہیں انہیں گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ جب کہ زبیر عرف سمیر مفرور بتایا گیا ہے ۔ سید عابد اور سید زاہد جو چلکل گوڑہ علاقہ کے ساکنان ہے انہوں نے بس کا سرقہ کیا اور مسروقہ بس کو ناندیڑ سے 60 کلومیٹر دور مقام پر جہاں بس ملبہ کی شکل میں دستیاب ہوئی لے جاکر بس کو تباہ کردیا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ سٹی پولیس نے شکایت کہ فوری بعد حرکت میں آتے ہوئے اس ریاکٹ کو بے نقاب کیا ۔ بس توپران سے ناندیڑ کی جانب گئی تھی ۔۔