تلنگانہ میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے آٹھ نئے دفاتر کا عنقریب قیام : مہندر ناتھ
حیدرآباد 4 اگسٹ (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر بی مہیندر ریڈی نے کہاکہ ریاست تلنگانہ میں آئندہ چند دنوں کے دوران محکمہ ٹرانسپورٹ کے 8 نئے دفاتر قائم کئے جائیں گے۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت محکمہ ٹرانسپورٹ کی کارکردگی کو مزید مؤثر و فعال بنانے کے لئے اقدامات کرے گی۔ انھوں نے آر ٹی سی بس کرایوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ حکومت آر ٹی سی بس کرایوں میں اضافہ کے تعلق سے کوئی تجویز پر غور نہیں کررہی ہے اور یہاں تک کہ ایسی کوئی تجویز حکومت کے پاس نہیں ہے۔ وزیر موصوف نے کہاکہ آر ٹی سی کی تقسیم بہت جلد مکمل کرلی جائے گی تاکہ ہر دو تلگو ریاستوں میں آر ٹی سی کی کارکردگی میں بہتری لائی جاسکے۔ وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر بی مہیندر ریڈی جنھوں نے قبل ازیں اسکول بسوں کی مکمل تفصیلات فراہم کرنے والے خصوصی ’’یاپ‘‘ کا افتتاح کیا تھا، کہاکہ اس یاپ میں اسکول بس ڈرائیورس کی اہلیت و تعلیمی قابلیت اور اسکول کی مکمل تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔ انھوں نے گاڑی مالکین کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ گاڑیوں (خواہ کوئی بھی گاڑی ہو) کے مالکین کی تصویر گاڑی کے رجسٹریشن سرٹیفکٹ (آر سی بُک) پر چسپاں کرنے کو حکومت نے لازمی قرار دیا ہے لہذا گاڑیوں کے مالکین کو آر سی بُک پر تصویر چسپاں کروالینے کے لئے متعلقہ عہدیداروں سے رجوع ہونے کی ضرورت ہوگی۔