ہڑتال کے انتباہ پر کارپوریشن کا فیصلہ، بات چیت کی ناکامی پر ہڑتال کرنے ملازمین کا عزم
aحیدرآباد 12 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ آر ٹی سی ملازمین کی تنخواہوں پر نظرثانی کرنے کے مطالبہ پر آر ٹی سی ایمپلائیز یونین اور تلنگانہ مزدور یونین (ٹی ایم یو) کی جانب سے گزشتہ دنوں دی گئی ہڑتال نوٹس کی روشنی میں 13 اپریل کو لیبر کمشنر آر ٹی سی کے ساتھ بات چیت کرنے کیلئے مذکورہ یونینوں کے قائدین کو مدعو کیا ہے۔ مسرس کے پدماکر جنرل سکریٹری آر ٹی سی ایمپلائیز یونین تلنگانہ اور ای اشوادھاما ریڈی جنرل سکریٹری تلنگانہ مزدور یونین آر ٹی سی نے یہ بات بتائی اور کہاکہ ہڑتال نوٹس پر فوری ردعمل کا اظہار نہ کئے جانے کی صورت میں 16 اپریل کے بعد غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کرنے کا آر ٹی سی انتظامیہ کو انتباہ دیا گیا تھا جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے یونین قائدین کو بات چیت کیلئے مدعو کیا گیا ہے اور بات چیت کے دوران اپنے مطالبات کی یکسوئی کے لئے مثبت تیقن دیئے جانے پر ہی ہڑتالی نوٹس پر ازسرنو غور کیا جائے گا اور اگر کوئی مثبت تیقن حاصل نہ ہونے کی صورت میں بہرصورت غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کرنے کیلئے تمام ملازمین آر ٹی سی تلنگانہ کو تیار کرلیا گیا ہے۔ ان قائدین نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ و آندھراپردیش کے آر ٹی سی میں خدمات انجام دینے والے 1.2 لاکھ ملازمین کیلئے ماہ اپریل 2013 ء سے تنخواہوں پر نظرثانی نہیں کی گئی۔ اس طرح گزشتہ دو سال سے زیرالتواء تنخواہوں پر نظرثانی دونوں ریاستوں کے سرکاری ملازمین کے خطوط پر عمل آوری کی جانی چاہئے۔ ان قائدین نے آر ٹی سی انتظامیہ پر یونین قائدین کی جانب سے دی گئی ہڑتال کے بعد ملازمین کو خوف زدہ کرنے اور ہڑتال کرنے پر کسی بھی نوعیت کی کارروائی کی جانے کا ڈر پیدا کرنے کیلئے فوری طور پر آر ٹی سی میں ہڑتال پر پابندی عائد کرنے کے احکامات جاری کرنے کا الزام عائد کیا اور کہاکہ آر ٹی سی انتظامیہ کی جانب سے خواہ کتنی ہی پابندیاں عائد کی جائیں تو بھی اس مرتبہ 16 اپریل کے بعد کسی بھی صورت میں غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کرنے کا یونین قائدین نے فیصلہ کیا ہے۔ ان قائدین نے مزید کہاکہ آر ٹی سی نیشنل مزدور یونین آر ٹی سی انتظامیہ کی تائید و حمایت کرنے کی وجہ سے ہی ملازمین آر ٹی سی کی تنخواہوں پر نظرثانی میں عملاً تاخیر ہورہی ہے۔ ایمپلائیز یونین اور ٹی ایم یو قائدین آر ٹی سی نے ملازمین کی تنخواہوں پر فوری نظرثانی کے اقدامات کرنے کا آر ٹی سی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا بصورت دیگر غیر معینہ مدت کی 16 اپریل کے بعد سے بہرصورت ہڑتال شروع کرنے کا سخت انتباہ دیا۔