لالو پرساد یادو کا بیان ، جنگل راج مسئلہ پر مباحثہ کیلئے نتیش کمار آمادہ
نئی دہلی 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) نتیش کمار آر جے ڈی کو جے ڈی یو سے زیادہ نشستیں حاصل ہونے کی صورت میں بھی چیف منسٹر ہوں گے۔ آر جے ڈی کے صدر لالو پرساد نے آج کہاکہ عظیم اتحاد جس میں کانگریس بھی شامل ہے، اگر برسر اقتدار آجائے تو نتیش کمار ہی چیف منسٹر ہوں گے۔ انھوں نے اِس تبصرہ کے ساتھ اُن قیاس آرائیوں کا خاتمہ کردیا کہ اگر اُنھیں جے ڈی یو سے زیادہ نشستیں حاصل ہوتی ہیں تو وہ اپنا موقف تبدیل کردیں گے۔ وہ انڈیا ٹی وی سے بات چیت کررہے تھے۔ اُنھوں نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے تجویز پیش کی ہے کہ تحفظات کی پالیسی پر نظرثانی کی جائے۔ ہم سب جانتے ہیں کہ بی جے پی صرف آر ایس ایس کی ایک نقاب ہے۔ بھاگوت کے بیان سے واضح ہوجاتا ہے کہ وہ تحفظات برخاست کردینا چاہتے ہیں لیکن ہم اُس کی اجازت نہیں دیں گے، چاہے کچھ ہوجائے۔
اگر اُن میں دم ہے تو تحفظات برخاست کرنے کی کوشش کرکے دیکھیں لیکن اُنھیں اِس کے نتائج کا سامنا کرنے بھی تیار رہنا پڑے گا۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ بی جے پی اعلیٰ ذاتوں کی خوشامد کررہی ہے۔ چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے جو اِس پریس کانفرنس میں موجود تھے، دعویٰ کیاکہ بی جے پی کے سینئر قائد و سابق ڈپٹی چیف منسٹر سشیل کمار مودی نے اُنھیں ترغیب دینے کی کوشش کی تھی کہ وہ بی جے پی قائدین سے ملاقات کے لئے ترتیب دیا ہوا ڈنر منسوخ کردیں جس میں نریندر مودی بھی شامل تھے جو اُس وقت چیف منسٹر گجرات تھے۔ نتیش کمار نے کہاکہ وزیراعظم اس سے واقف ہیں۔ اِسی لئے اُنھوں نے سشیل کمار مودی کو بعدازاں معذرت خواہی کے لئے مجبور کیا تھا۔ پٹنہ سے موصولہ اطلاع کے بموجب چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج
کہاکہ وہ ’’جنگل راج‘‘ کے واہمہ پر کسی بھی مباحثہ کے لئے تیار ہیں۔ اُنھوں نے 100 فیصد تیقن دیا کہ قانون کی حکمرانی غالب رہے گی۔ چاہے کسی بھی گوشے سے دباؤ کیوں نہ ڈالا جائے۔ اُنھوں نے جو منتخبہ چیف منسٹری کے امیدوار ہیں، کہاکہ جے ڈی یو، آر جے ڈی اور کانگریس پر مشتمل عظیم سیکولر اتحاد نے اُنھیں چیف منسٹری کا امیدوار منتخب کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ جنگل راج کے مسئلہ پر ٹی وی مباحثہ کے لئے تیار ہیں۔