نئی دہلی 28 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) آر ایس ایس کے کچھ گوشوں کو اب عطر کی مہک بھی آنے لگی ہے ۔ آر ایس ایس کے ایک لیڈر اندریش کمار کے نام پر ایک عطر تیار کیا گیا ہے ۔ اندریش کمار وہی ہیں جو مکہ مسجد بم دھماکہ کیس میں ملزم ہیں اور ان کا نام 2007 کے اجمیر بم دھماکوں کے مقدمہ میں بھی شامل ہے ۔ دہلی کے عطر ساز نے جو عطر تیار کیا ہے اس کو ’ اندریش ‘ کا نام دیا گیا ہے جو دہلی کے ایک عطر ساز و تاجر حفیظ محمد صابرین نے تیار کیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ آر ایس ایس لیڈر سے بہت زیادہ متاثر ہیں۔ صابرین کے افراد خاندان کئی نسلوں سے عطر سازی کا کاروبار کرتے ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ اندریس ایسا دوسرا عطر ہے جو کسی فرد کے نام پر رکھا گیا ہے ۔ اس سے قبل انہوں نے کلام نام کا عطر تیار کیا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ عطر انہوں نے سابق صدر جمہوریہ ہند ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے نام پر تیار کیا تھا ۔ کلام عطر اکٹوبر میں اندریش کمار کے ہاتھوں لانچ کیا جائیگا ۔ صابرین نے کہا کہ اندریش صندل کی لکڑی پر مشتمل ہوگا جس کی خوشبو اندریش کمار کو بہت پسند ہے ۔