تلنگانہ ویمن پینٹرس آرٹ کیمپ کا افتتاح، مختلف شخصیتوں کا خطاب
حیدرآباد۔11ستمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ جہدکاروں اور آرٹسٹوں کے متحدہ پلیٹ فارم مکتا کے زیراہتمام کلرس آف اسٹیٹ ہڈ کے عنوان پر تین روزہ تلنگانہ ویمن پینٹرس آرٹ کیمپ کا مقبرہ پائیگاہ سنتوش نگر پر آغاز ہوا۔ جس میں ممتاز پینٹرس اور آرٹسٹوں نے حصہ لیا۔ صدر مکتا کے ویملا کی نگرانی کی جس میں ممتاز مصنف محترمہ ہماقدوائی ‘ ڈاکٹر جمنیٰ‘ ڈاکٹر امینہ تحسین ڈائرکٹر سنٹر فار ویمن اسٹاڈیز‘ ایم ویدا کمار چیرمن ٹی آر سی‘ رمنا ریڈی پینٹر کے علاوہ دیگر نے افتتاحی تقریب میںشرکت کی۔ ویملا نے اپنے صدراتی خطاب میں مکتا کی کارکردگی پر روشنی ڈالی ۔ انہو ںنے کہاکہ آرٹس تلنگانہ تہذیب کا اہم حصہ ہے جس کو فروغ دینے میںخواتین نے اہم رول ادا کیا ہے ۔ انہوںنے تلنگانہ تحریک میں خواتین کے رول کو ناقابلِ فراموش قراردیا۔ محترمہ ہما قدوائی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مکتا کے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کی۔محترمہ امینہ تحسین نے تین روزہ پینٹنگ کیمپ میں ارٹسٹوں کا استقبال کرتے ہوئے کہاکہ مکتا ایک واحد تنظیم ہے جو وقتافوقتا تلنگانہ کے خواتین کے ہنر کو اجاگر کرنے کاکام کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آرٹس‘ لسانی تہذیب اور تلنگانہ کے تاریخی اثاثے ہماری عظیم تہذیب کاحصہ ہیںاور تلنگانہ کے دانشوار طبقے نے اپنی اس عظیم تہذیب کو بچانے کے لئے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ ویدا کمار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قطب شاہی اور آصف جاہی دور میںآرٹس اور پینٹنگس کے فروغ کے لئے دی جانی والی مراعات کا ذکر کیا او رکہاکہ بیرونی ممالک سے آرٹسٹوں کو لاکر حیدرآباد میںبسایا گیا تاکہ ہماری اس قدیم تہذیب کو مستحکم کیاجاسکے۔ بعدازاں تلنگانہ تہذیب ۔ آرٹس اور ہرٹیج کے عنوان پر لکھی گئی ایک کتاب کی رسم اجرائی بھی ویدا کمار کے ہاتھوں عمل میںآئی۔ کل 12ستمبر کو مذکورہ تلنگانہ ویمن پینٹرس آرٹ کیمپ کا اختتام عمل میںآئے گا۔