دو دن میں مزید 132 کروڑ روپئے جاری کرنے حکومت کا اعلان
حیدرآباد 4 اکٹوبر (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے آروگیہ شری کے واجب الادا 260 کروڑ روپیوں کے منجملہ 100 کروڑ روپئے جاری کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس سلسلہ میں احکامات دیئے اور آئندہ دو تین یوم میں مزید 132 کروڑ روپئے جاری کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ آروگیہ شری کے تحت علاج کئے جانے کے عوض رقومات کی حکومت کی جانب سے عدم ادائیگی کے خلاف چند پرائیوٹ ہاسپٹلس انتظامیوں کی جانب سے ہڑتال کا آغاز کیا گیا تھا جس کی روشنی میں حکومت نے فوری اپنے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے آروگیہ شری کے لئے 100 کروڑ روپئے جاری کئے۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ حکومت نے آروگیہ شری کو واجب الادا جملہ رقومات کے منجملہ 90 فیصد رقومات کی ادائیگی عمل میں لانے کے اقدامات کررہی ہے اور ماباقی واجب الادا رقومات بھی جاریہ ماہ کے اختتام تک ادائیگی کے لئے جاری کرنے کے لئے حکومت کوشاں ہے۔ اسی دوران چیف ایکزیکٹیو آفیسر آروگیہ ہیلت ٹرسٹ مسٹر چندرشیکھر نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں آروگیہ شری نیٹ ورک کے تحت 244 دواخانے پائے جاتے ہیں اور ان 244 پرائیوٹ ہاسپٹلس کے منجملہ صرف 89 ہاسپٹلس انتظامیہ نے ہی احتجاج کا آغاز کیا تھا۔ اسی ذرائع کے مطابق ریاست بھر میں آروگیہ شری کے ذریعہ خدمت کس طرح جاری ہیں معلومات حاصل کرنے کے لئے چیف ایکزیکٹیو آفیسر آروگیہ شری ٹرسٹ نے تمام متعلقہ عہدیداروں وغیرہ کے ساتھ ویڈیو کانفرنس منعقد کی تھی جس پر تقریباً عہدیداروں نے اضلاع سے انھیں واقف کروایا کہ کہیں بھی مریض علاج کے سلسلہ میں کسی بھی نوعیت کی شکایت نہیں کئے ہیں اور ہڑتال کرنے والے پرائیوٹ ہاسپٹلس انتظامیوں نے بھی رقومات کی اجرائی کے ساتھ ہی اپنے اپنے ہاسپٹلس میں آروگیہ شری کے تحت علاج کرنے کا آغاز کردیا ہے۔