آدھار اکاؤنٹ کے بغیر صارفین کو پکوان گیس سیلنڈرس : موئیلی

نئی دہلی 21 فروری (سیاست ڈاٹ کام) رعایتی قیمتوں پر پکوان گیس سلینڈرس آدھار اکاؤنٹ رکھے بغیر بھی حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ حکومت نے لوک سبھا کو وقفہ سوالات کے دوران ایک سوال کے جواب میں وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ آدھار اکاؤنٹ کو رعایتی قیمتوں پر پکوان گیس سلینڈرس کی تقسیم سے غیر مربوط کرنے کے بارے میں وضاحت طلب کی گئی ہے۔ مرکزی وزیر پٹرولیم و قدرتی گیس ویرپا موئیلی نے کہاکہ اِس سلسلہ میں اندرون ایک ہفتہ احکام جاری کردیئے جائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ جہاں تک راست فوائد کی منتقلی کا سوال ہے، کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ رعایتی قیمتوں پر پکوان گیس سلینڈرس کی تقسیم کو آدھار اکاؤنٹ سے غیر مربوط کردیا جائے۔

اب رعایتی قیمتوں پر سلینڈرس آدھار اکاؤنٹ کے بغیر ہی خریدے جاسکتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ آدھار اکاؤنٹ سے مربوط کرنے کے پروگرام میں بعض مسائل پیش آرہے تھے جن کا تعلق خاص طور پر بینکوں سے تھا جنھیں فی سلینڈر 435 روپئے ادا کئے جارہے تھے۔ یہ سلینڈر کی رعایتی قیمت کے لئے کافی نہیں تھے کیونکہ اِس میں اضافہ ہوکر وہ اب 700 روپئے ہوگئی ہے۔ اُنھوں نے پرزور انداز میں کہاکہ حکومت نے رعایتی قیمتوں میں سلینڈرس کی صارفین کے لئے قیمت میں اضافہ نہیں کیا ہے۔ مجوزہ پروگرام کے تحت 4 کروڑ 86 لاکھ اکاؤنٹس کھولے جانے تھے جن کا تعلق 2 کروڑ 6 لاکھ گھرانوں سے تھا جنھیں رعایتی قیمتوں پر سلینڈرس حاصل ہوتے ہیں۔

آکاش میزائیل کی آزمائشی پرواز
بلسور (اوڈیشہ) ۔21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج دیسی ساختہ زمین سے فضاء میں وار کرنے والے آکاش میزائیل کی انٹی گریٹیڈ ٹسٹ رینج چاندی پور سے آزمائشی پرواز کی۔ میزائیل کا ہدف ایک تیرتی ہوئی شئے تھی جس کو ایک پائلیٹ کے بغیر ہدف طیارہ لکشیا میں سہارا دے رکھا تھا۔ آکاش میزائیل کی آزمائشی پرواز 11.22 بجے دن ہوئی۔ آئندہ چند دنوں میں مزید آزمائشی پروازیں متوقع ہیں۔ پرواز کے دوران میزائیل نے اپنے ہدف پر بالکل درست نشانہ لگایا۔ آکاش وسط مسافتی زمین سے فضاء میں وار کرنے والا طیارہ شکن دفاعی نظام ہے جو ڈی آر ڈی او نے تیار کیا ہے۔