آدھار انرولمنٹ والے 50 ہزار آپریٹرس معطل کئے گئے

نئی دہلی 29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) راجیہ سبھا کو آج مطلع کیا گیا کہ لگ بھگ 50 ہزار انرولمنٹ آپریٹرس کو اب تک آدھار کی خانہ پُری سے متعلق مختلف رہنمایانہ خطوط کی خلاف ورزی کی پاداش میں معطل کیا جاچکا ہے۔ مملکتی وزیر برائے الیکٹرانکس اور آئی ٹی الفونس کنن تھنم نے تحریری جواب میں بتایا کہ کسی بھی آپریٹر کو انرولمنٹ کے دوران مخصوص حد تک غلطیوں سے تجاوز پر بلیک لسٹ کیا جاتا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ غلطیوں والے فارم یا خانہ پُری معیار کی تصدیق کے دوران مسترد کردیئے جاتے ہیں اور اِس کے نتیجے میں ایسے انرولمنٹس کے معاملے میں آدھار کارڈ تیار نہیں ہوتا۔ اہل انرولمنٹس جو غلطی سے پاک ہوں آدھار کی تشکیل کا موجب بنتے ہیں۔