آدم خور بھائیوں کو 12،12 سال قید کی سزا

اسلام آباد، 12 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ پنجاب کے سرگودھا ڈیویژن کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ضلع بھکر سے تعلق رکھنے والے دو آدم خور بھائیوں کو گھناؤنے فعل کا مجرم قرار دے کر بارہ ،بارہ سال قید کی سزا سنائی ہے۔ ضلع بھکر کی پولیس نے قصبے دریا خان کے ایک نواحی گاؤں کہواڑ کلاں سے تعلق رکھنے والے ان دونوں بھائیوں محمد فرمان اور محمد عارف کو اپریل میں انسانی لاشوں کو پکا کر کھانے کے الزام میں گرفتار کیا تھا اور ان کے خلاف ڈویژنل صدر مقام سرگودھا میں قائم انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں مقدمہ چلایا گیا ہے۔ پولیس نے 35 سالہ عارف اور اس کے 30 سالہ بھائی فرمان کے گھر سے مقامی لوگوں کی نشان دہی پر دو بچوں کے سر اور بعض اعضاء برآمد کئے تھے جن کا وہ گوشت پکا کر کھا گئے تھے۔پولیس کے مطابق ماضی میں ان دونوں بھائیوں نے مقامی قبرستان میں ایک سو قبروں کو کھود کر ان میں تازہ دفن کی گئی لاشوں کو نکالا تھا اور ان کا گوشت پکا کر کھا گئے تھے۔