آج اور کل سونامی کی فرضی مشقوں کا اہتمام

23 دیگر ممالک کے ساتھ ہندوستان کی بھی شرکت
حیدرآباد 3 ستمبر ( پی ٹی آئی ) ہندوستان دوسرے 23 ممالک کے ساتھ مل کر بحیرہ ہند میں سونامی کی فرضی مشقوں ( ڈرل ) میں حصہ لے گا جو 4 اور 5 ستمبر کو منعقد ہونگے ۔ ان مشقوں میں تقریبا نصف درجن ریاستوں کے ساحلی علاقوں سے ہزاروں افراد کے تخلیہ کا عمل بھی شامل ہوسکتا ہے ۔ ان مشقوں کا اہتمام انٹر گورنمنٹل اوشیانو گرافک کمیشن ( یونیسکو ) کی جانب سے کیا جا رہا ہے ۔ اسی کمیشن نے بحیرہ ہند سونامی وارننگ و میٹیگیشن سسٹم کے قیام میں مدد کی ہے جو 26 ڈسمبر 2004 کیس ونامی کے بعد قائم کیا گیا تھا ۔ ایک سرکاری اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ انڈین سونامی ارلی وارننگ سنٹر حیدرآباد وزارت ارتھ سائینسیس کے تحت ایک خود مختار ادارہ ہے ۔ انتہائی عصری وارننگ سنٹر اکٹوبر 2007 سے کام کر رہا ہے اور اس میں تمام ضروری کمپیوٹر اور مواصلاتی انفرا اسٹرکچر موجود ہیں تاکہ سسمک اور سطح سمندر کے نیٹ ورک سے بروقت ڈاٹا حاصل کیا جاسکے ۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ان سونامی مشقوں کے ذریعہ بحیرہ ہند کے ممالک کو سونامی وارننگ صورتحال میں رکھا جائیگا اور اس کیلئے نیشنل سونامی وارننگ سنٹر ‘ نیشنل و لوکل ڈیزاسٹر مینجمنٹ دفاتر وغیرہ کو ان کے آپریٹنگ معیارات کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی ۔ ان مشقوں کا مقصد سونامی سے نمٹنے کی تیاریوں کو بہتر بنانا ہے ۔ اس کے علاوہ ان مشقوں سے فوری رد عمل کی صلاحیتوں کو اور ریاستوں کے مابین تعاون کو بھی موثر اور بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے ۔