آثار قدیمہ کے شاندار سائٹس پر حکومت تلنگانہ کی توجہ مرکوز

تلنگانہ کے 10 اضلاع میں جلد ہی دوبارہ سروے اور جامع ڈیٹا کی تیاری کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ یکم فبروری (پی ٹی آئی) نئی ریاست تلنگانہ کی حکومت اس علاقہ کے آثار قدیمہ کے شاندار سائٹس پر توجہ دینا چاہتی ہے کیونکہ اس نے ریاست کے معلوم اور نامعلوم سائٹس انسکریپشنس اور یادگار مقامات پر ایک جامع ڈیٹا بینک تیار کرنے کا تہیہ کیا ہے۔ ریاست تلنگانہ کے محکمہ آثار قدیمہ اور میوزیمس کی جانب سے ریاست میں آثار قدیمہ سائٹس اور مقامات کی کھوج لگانے کیلئے پوری طرح مستعد ہوگیا ہے اور امکانی نئے سائٹس اور اسکریپشنس کیلئے توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی اور کہاکہ وینچر کے سلسلہ میں تلنگانہ کے تمام دس اضلاع میں جلد ہی دوبارہ جامع سروے کیا جائے گا جس کیلئے ریسرچ ٹیموں کو مامور کیا جائے گا۔ تاریخ کے طلبہ کو اس میں شامل کیا جائے گا جو مختلف مقامات پر سائٹس کے فیلڈ سروے کے ذریعہ نمونوں کی اسٹڈی کریں گے۔ بی سرینواس ڈائرکٹر آثار قدیمہ و میوزیمس (تلنگانہ) نے بتایا کہ ریاست کے دس اضلاع میں دوبارہ سروے منعقد کرنے کی ضرورت ہے تاکہ معلوم اور نامعلوم یادگار مقامات، سائٹس اور ہیریٹیج عمارتوں پر ایک جامع ڈیٹا تیار کیا جاسکے۔ ریاست میں اہم سائٹس، یادگار مقامات، اسکریپشنس اور ہیریٹیج عمارتوں پر ایک ڈیٹا بینک کو ایک اہم ترجیحی پراجکٹ کے طور پر وجود میں لانے کی تجویز ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اس پراجکٹ کا مقصد ریاست تلنگانہ کے تمام 336 محفوظ یادگار مقامات کو ان کے مقامات، اسکریپشنس، سنگ تراشی شواہد اور فوٹوز کے ساتھ دستاویزی شکل دینا ہے تاکہ یادگار مقامات اور آثار قدیمہ سائٹس کی صحیح تعداد معلوم ہو اور ر یاست میں نئے سائٹس اور یادگار مقامات کی نشاندہی کی جاسکے۔