آتشزدگی المیہ کے متوفیوں کے خاندانوں کو فی کس 25 لاکھ روپئے ایکس گریشیا

چندرا بابو نائیڈو اور وزیر پٹرولیم کا دورہ، متاثرہ عوام سے بات چیت، تحقیقات کا حکم
راجمندری /27 جون (پی ٹی آئی) آندھرا پردیش میں گیس پائپ لائن میں مہیت آتشزدگی کے سبب فوت ہونے والوں کے خاندانوں کو فی کس 25 لاکھ روپئے بطور ایکس گریشیا دیا جائے گا۔ آندھرا پردیش کے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے آج مقام واقعہ کا معائنہ کرنے کے بعد یہ اعلان کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ مشرقی گوداوری میں واقع ’’گیل‘‘ گیس پائپ لائن واقعہ کی اعلی سطحی تحقیقات کروائی جائیں گی اور خاطیوں کو خواہ وہ کوئی بھی ہوں، سخت ترین سزائیں دی جائیں گی۔ چندرا بابو نائیڈو جو دہلی میں تھے، اپنا دورہ مختصر کرتے ہوئے فوراً مشرقی گوداوری کے گاؤں ناگارام پہنچے۔ دوپہر میں انھوں نے مرکزی وزیر پٹرولیم دھرمندر پردھان کے ساتھ المیہ کے مقام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر تیل کمپنیوں اور ضلع انتظامیہ کے اعلی عہدہ دار موجود تھے۔ انھوں نے مقامی عوام اور عہدہ داروں سے تبادلہ خیال کیا۔ مقامی عوام نے اس علاقہ میں گیس پائپ لائن سے لاحق خطرات پر سخت تشویش اور برہمی کا اظہار کیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو دیئے جانے والے 25 لاکھ روپئے معاوضہ میں 20 لاکھ روپئے گیل کی طرف سے ادا کئے جائیں گے، جب کہ مرکز کی جانب سے دو لاکھ اور حکومت آندھرا پردیش کی جانب سے تین لاکھ روپئے دیئے جائیں گے۔ مستقل طورپر معذور ہونے والے افراد کو فی کس پانچ لاکھ روپئے دیئے جائیں گے۔ وزیر پٹرولیم دھرمندر پردھان نے کہا کہ اس واقعہ میں 15 افراد فوت اور دیگر 18 افراد زخمی ہو گئے، جب آج صبح گیل گیس پائپ لائن سے ناگارام میں گیس کے اخراج سے ہولناک آگ بھڑک اٹھی تھی۔