آبپاشی کے زیر التوا کاموں کی تکمیل پر زور

محکمہ کے انجینئرس کے ساتھ ریاستی وزیر ہریش راؤ کا اجلاس
حیدرآباد۔ یکم جنوری (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے نئے سال کے موقع پر محکمہ آبپاشی کے انجینئروں اور دیگر عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ اپنی بہتر کارکردگی کے ذریعہ محکمہ کے زیرالتواء تمام کاموں کو مکمل کرنے موثر اقدامات کریں۔ ہریش راؤ محکمہ آبپاشی کے سال 2017 کے کیلنڈر کی رسم اجراء انجام دے رہے تھے۔ انجینئروں سے اپنے آپ کو ہمیشہ کسی بھی کام کی انجام دہی کیلئے تیار رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نے بعدازاں تلنگانہ کے مختلف آبپاشی پراجیکٹس پر چیف انجینئروں کے ساتھ جائزہ اجلاس طلب کیا۔ وزیر موصوف نے بھکتہ رام داس، سیتا رام، کالیشورم، دیوادولا، ایس آر ایس بی ندمانیرو، پالمور، رنگاریڈی، کلواکرتی، نیٹمپاڈو کوئیل ساگر، بھیما اسکیم کی پیشرفت اور درپیش مسائل سے واقفیت حاصل کی اور انجینئروں پر زور دیا کہ وہ آبپاشی پراجیکٹس کے متعلق جن مقاصد میں کامیابی حاصل کرنا ہے، ان کو حاصل کرنے پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ سیتا راما پراجیکٹ اگر مکمل ہوجاتا ہے تو ضلع کھمم میں خشک سالی کا تدارک کہا جاسکتا ہے۔ ہریش راؤ نے انجینئرس سے خواہش کی اور مدھیہ پردیش میں روبہ عمل لائے جانے والے ’ٹیل ٹو ہیڈ‘ پالیسی میں زرعی اغراض کیلئے سیراب کئے جانے والے پانی کی تقسیم کو تجرباتی اساس پر چند ڈسٹریبیوٹریوں یا چھوٹے کنالس کے تحت عمل میں لائیں۔ انہوںنے کہا کہ اس طریقہ کار کے ذریعہ ایاکٹ کے آخری اراضیات تک پانی فراہم ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف پراجیکٹس کے تحت حصول اراضیات کے عمل اور انجام دیئے جانے والے کاموں کے تعلق سے اعلیٰ عہدیداران وغیرہ سے تفصیلی تبادلہ خیال کے ذریعہ واقفیت حاصل کی۔