ٹی آر ایس تلنگانہ رضاکار سمیتی بن گئی ہے: ڈاکٹر این جناردھن ریڈی
حیدرآباد 3 جولائی (این ایس ایس) تلنگانہ بی جے پی کے قائد ناگم جناردھن ریڈی نے آج الزام عائد کیاکہ آبپاشی پراجکٹس کے کاموں کی انجام دہی میں چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی کرپٹ سرگرمیوں کے بارے میں سوال کرنے والوں پر چیف منسٹر کے اشارہ پر حملے کئے جارہے ہیں۔ انھوں نے پوچھا کیا یہ ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی کا انداز ہے؟ آج یہاں نامپلی میں بی جے پی اسٹیٹ آفس پر میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے ڈاکٹر جناردھن ریڈی نے کہاکہ ٹی آر ایس تلنگانہ رضاکار سمیتی بن گئی ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر کا بالواسطہ حوالہ دیتے ہوئے ڈاکٹر جناردھن ریڈی نے کہا ’’جب ہم نے تلنگانہ کے عوام کی جانب سے آواز کو اٹھایا تو ٹی آر ایس کے مبینہ حامیوں کی جانب سے ہم پر حملے کئے جارہے ہیں اور ہمیں نشانہ بنایا جارہا ہے۔ یہ بزدلانہ حملے ہم کو اپنی آواز اٹھانے سے نہیں روک پائیں گے۔ ڈاکٹر جناردھن ریڈی نے الزام لگایا کہ 80,000 کروڑ روپئے کے کام،75,000 کروڑ روپئے کے کام آندھرا کے لوگوں کو دیئے گئے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ انھوں نے آبپاشی پراجکٹس کے کاموں میں کرپشن کے خلاف آواز اٹھارہے ہیں اور آبپاشی پراجکٹس کی کبھی مخالفت نہیں کی۔