آبپاشی پراجکٹس میں بڑے پیمانے پر بدعنوانیاں : ریونت ریڈی

حیدرآباد 31 جولائی (سیاست نیوز) کانگریس کے قائد و رکن اسمبلی ریونت ریڈی نے آبپاشی پراجکٹس کی تعمیرات میں بڑے پیمانے پر بدعنوانیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے ہریش راؤ کو کھلے عام مباحث کا چیلنج کیا۔ اگر وہ غلط ثابت ہوگئے تو ناک زمین پر رگڑنے کا اعلان کیا۔ آج اسمبلی کے میڈیا ہال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہاکہ ٹی آر ایس کے انتخابی منشور میں آبپاشی پراجکٹس کے ڈیزائن تبدیل کرنے کا کوئی وعدہ نہیں کیا گیا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے اپنے ارکان خاندان کے اثاثہ جات میں اضافہ کے لئے ڈیزائن تبدیل کرتے ہوئے 34 ہزار کروڑ روپئے کے کالیشورم پراجکٹ کو 84 ہزار کروڑ کے پراجکٹ میں تبدیل کردیا اور آمدنی میں بیٹے اور بھانجے کو بھی حصہ دار بنادیا۔ وہ جو الزامات عائد کررہے ہیں اس کا ثبوت فراہم کرنے کے لئے بھی تیار ہیں۔ وزیر آبپاشی ہریش راؤ ان کے کھلے عام مباحث کو چیلنج کو قبول کریں۔ گن پارک یا پریس کلب وہ کسی بھی مقام پر مباحث کے لئے تیار ہیں۔