نئی دہلی 21 فروری (سیاست ڈاٹ کام) آئی پی ایل کا تازہ سیزن بیرون ملک منتقل کئے جانے کا امکان ہے کیونکہ آج حکومت نے واضح کردیا کہ وہ آئی پی ایل مقابلوں کے لئے کافی حفاظتی انتظامات کرنے سے قاصر رہے گی کیونکہ عام انتخابات بھی قریب ہیں۔ حکومت کے لئے آئی پی ایل مقابلوں کے حفاظتی انتظامات کرنے میں دشواری پیش آئے گی۔ مرکزی وزیرداخلہ سشیل کمار شنڈے نے ایک پریس کانفرنس میں حکومت کی جانب سے اِس کا اظہار کیا۔ ذرائع نے کہاکہ وزارت داخلہ نے بی سی سی آئی کو بھی یہ اطلاع دے دی ہے۔ حکومت نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے بعد ہی وہ آئی پی ایل مقابلوں کے لئے حفاظتی انتظامات کرسکے گی۔ توقع ہے کہ عام انتخابات وسط مئی میں منعقد ہوں گے جبکہ آئی پی ایل میاچس 9 اپریل سے 3 جون کے درمیان منعقد ہونے کا امکان ہے۔ بی سی سی آئی کی مجلس عاملہ کا اجلاس 28 فروری کو بھوبنیشور میں طلب کیا گیا ہے جس میں آئی پی ایل کے مقام کا قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ بورڈ کے سکریٹری سنجے پٹیل قبل ازیں نشاندہی کرچکے ہیں کہ آئی پی ایل کا پہلا حصہ امکان ہے کہ جنوبی افریقہ میں اور آخری مرحلہ ہندوستان میں منعقد کیا جائے گا جبکہ عام انتخابات ختم ہوجائیں گے۔