آئی ٹی پروفیشنل کے قتل کیس میں انجینئرنگ گرائجویٹ گرفتار

پولیس کی گرفت سے بچنے کیلئے اقدام خودکشی
چینائی 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) گزشتہ ہفتہ ایک ریلوے اسٹیشن پر ایک 24 سالہ آئی ٹی ماہر خاتون کے سنسنی خیز قتل کے سلسلہ میں ایک انجینئرنگ گرائجویٹ کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے جب اُسے گھیر لیا تو خودکشی کی کوشش کی۔ پولیس نے کل ملزم رام کمار کے آبائی ضلع ترونیل ویلی میں گرفتار کرلیا جبکہ مدراس ہائی کورٹ نے اس کیس سے نمٹنے میں غفلت پر پولیس کی سرزنش کی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ رام کمار نے اس وقت خودکشی کی کوشش کی جب پولیس پکڑنے کیلئے اُسے گھیرے میں لے لیا تھا۔ فی الحال وہ یہاں سرکاری ہاسپٹل میں زیرعلاج ہے۔ پولیس نے بتایا کہ کمار علاقہ چولائی میڈو میں شومیہ سواتی کے مکان کے قریب قیام پذیر تھا اور گزشتہ کئی ماہ سے لڑکی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتا تھا۔ لڑکی کے مسلسل انکار کے بعد کمار نے منگلم یکم ریلوے اسٹیشن پر 24 جون کو درانتی سے حملہ کرکے قتل کردیا۔ پولیس نے کل شب قتل کے مشتبہ ملزم کو گرفتاری کا اعلان کیا اور بتایا کہ قتل کی وجوہات کا پتہ چلانے کیلئے تحقیقات جاری ہے۔ میڈیکل کالج ہاسپٹل کے ڈاکٹروں نے بتایا کہ شب 1.40 بجے رام کمار کو لایا گیا تھا اس وقت اس کی گردن سے خون بہہ رہا تھا۔ اور وہ نیم بے ہوشی کی حالت میں تھا۔ ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم فی الفور اس کا آپریشن کرکے 16 ٹانکے دیئے۔ انھوں نے بتایا کہ رام کمار کے زخم مندمل ہونے کیلئے ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔