بیروت۔ 15 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جہادیوں کے زیر کنٹرول مشرقی علاقے میں دولت اسلامیہ (آئی ایس) کے تربیتی کیمپ پر شامی فضائی حملے میں17 شدت پسند اور ایک بچہ ہلاک ہو گیا، یہ بات مبصر گروپ نے اتوار کے روز ہلاکتوں کی نئی تعداد بتاتے ہوئے کہی۔ حقوق انسانی کیلئے شامی مبصر گروپ نے کہا کہ ہفتہ کاحملہ دیرالزور صوبہ میں تبنی قصبے کی یوفریٹس ویلی میں کیمپ پر کیا گیا۔ مبصر گروپ کا کہنا ہے کہ بچہ جو ہلاک ہوا وہ اپنے بڑے بھائی کے ساتھ آیا ہوا تھا جو آئی ایس کے ساتھ تربیت لے رہا تھا۔ بشارالاسد کی حکومت نے حالیہ ہفتوں میں جہادیوں کیخلاف اپنی فضائی کارروائی میں اضافہ کر دیا ہے اور تقریباً ہر روز ان کے زیر کنٹرول علاقوں پر فضائی حملے کئے جا رہے ہیں۔