آئی ایس کیخلاف شام سے امریکی فوجی تعاون کا امکان نہیں

واشنگٹن۔ 27 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ نے شام اور عراق میں سرگرم اسلامک اسٹیٹ کے جنگجوؤں کے خلاف عسکری کاروائیوں کے سلسلے میں دمشق حکومت کے ساتھ فوجی تعاون یا کسی بھی مربوط اشتراک عمل کو خارج از امکان قرار دے دیا ہے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے ایک ترجمان نے کہا کہ امریکی حکومت ایسے کسی منصوبے پر غور نہیں کر رہی کہ اسلامک اسٹیٹ کی عسکریت پسندی کے باعث پیدا ہونے والے خطرات سے نمٹنے کے لیے دمشق میں بشار الاسد کی حکومت کے ساتھ کوئی تعاون کیا جائے۔ اسی دوران شامی اپوزیشن تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے مختلف ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ نے شام میں اسلامک اسٹیٹ کے جہادیوں کی پوزیشنوں کا پتہ چلانے کے لیے فضائی جاسوسی شروع کر دی ہے۔ آبزرویٹری کے مطابق کئی غیرملکی ڈرون طیارے شامی فضائی حدود میں پرواز کرتے دیکھے گئے ہیں۔