گجرات کے کانگریس لیڈر احمد پٹیل کا مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کو مکتوب
احمد آباد29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سینئر کانگریس لیڈر احمد پٹیل نے گجرات میں گرفتار مشتبہ آئی ایس آئی ایس رکن کے ساتھ ان کے مبینہ روابط کی غیرجانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے اس تنازعہ میں گھسیٹے جانے کی کوششوں کو بھی نامناسب قرار دیا ۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی کے پولیٹیکل سکریٹری احمد پٹیل سورت میں آئی ایس آئی ایس کے دو مشتبہ ارکان کی گرفتاری کے بعد سے سیاسی تنازعہ کا شکار ہوگئے ہیں ۔ ان میں ایک قاسم ستمبروالا ہے جو بہروچ ضلع میں واقع سردار پٹیل ہاسپٹل میں کام کرچکا ہے اور احمد پٹیل اس ہاسپٹل کے ٹرسٹی رہ چکے ہیں ۔ احمد پٹیل نے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اس معاملے میں ان کا نام گھسیٹتے ہوئے انہیں بدنام کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے وزیر داخلہ سے یہ خواہش کی کہ وہ متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دیں کہ تحقیقات غیرجانبدار طور پر کی جائے اور حقائق کا پتہ چلایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جو کوئی ذمہ دار قرار پائیں ان کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئیے ۔ اس معاملے میں حکومت کے اقدامات کو ان کی بھرپور تائید رہے گی ۔ احمد پٹیل نے کہا کہ قومی سلامتی کے معاملے میں ہر ایک کو سیاسی اختلافات سے بالاتر ہونا چاہئیے ۔ دہشت گردی کے الزامات صرف قانون نافذ کرنے والی ایجنسیاں یا عدلیہ وضع کرسکتی ہیں ۔ یہ کام سیاسی قائدین پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کے ذریعہ نہیں کرسکتے ۔