آئی ایس آئی کیلئے جاسوسی،5 افراد بشمول بی ایس ایف جوان گرفتار

نئی دہلی / کولکتہ ۔/29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں اور کولکتہ میں آج دو علحدہ علحدہ واقعات میں آئی ایس آئی کے ساتھ روابط رکھنے والے جاسوسی ریاکٹ کا انکشاف ہوا ۔ اس سلسلہ میں ایک بی ایس ایف جوان  اور چار مشتبہ    افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور ان کے پاس سے ایسی اطلاعات برآمد کی گئی جو قومی سلامتی کیلئے خطرہ بن سکتی تھی ۔ جوائنٹ کمشنر پولیس (کرائم) رویندر یادو نے دہلی میں بتایا کہ جموں و کشمیر میں ضلع راجوری کے ساکن کیفیت اللہ خان عرف ماسٹر راجہ کو نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ جموں سے بھوپال جارہا تھا ۔ اس کے علاوہ ایک     بی ایس ایف ہیڈکانسٹبل کو بھی اس کے گھر سے گرفتار کیا گیا جو اسی ضلع میں بی ایس ایف کی انٹلیجنس ونگ سے وابستہ ہے ۔ وہ آئی ایس آئی کو ای میل ، واٹس اپ اور وائبر سے اطلاعات فراہم کررہے تھے ۔کولکتہ میں بھی ایک کنٹراکٹ لیبر اس کے بیٹے اور ایک رشتہ دار کو آئی ایس آئی سے روابط رکھنے پر گرفتار کیا گیا ۔