آئی آئی ایم کو ڈپلوما کے بجائے ڈگری جاری کرنے کا اختیار

نئی دہلی۔یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایک نئے قانون کے مطابق ملک کے انڈین انسٹی ٹیوشن آف مینجمنٹ کو اب اپنی کارکردگی میں حکومت کے رول میں کمی کے ساتھ مزید خود اختیاری اور اپنے گریجویشن کو ڈپلوما کے بجائے ڈگری جاری کرنے کے اختیارات حاصل ہوگئے ہیں۔ صدر رام ناتھ کووند نے انڈین انسٹی ٹیوٹس آف مینجمنٹ بل 2017ء کو گزشتہ روز منظوری دی جس کے ساتھ ہی اب یہ قانون میں تبدیل ہوگئی ہے۔ نیا قانون جولائی 2017ء میں لوک سبھا میں منظور کیا گیا تھا اور 19 دسمبر کو راجیہ سبھا نے منظوری دی۔ اس قانون کے ذریعہ انڈین انسٹی ٹیوٹس آف مینجمنٹ کو کام چلانے کے لیے قانونی اختیارات حاصل ہوگئے ہیں۔ ان میں ڈائرکٹرس اور فیکلٹی ارکان کے تقرر اخریاتا بھی شامل ہیں۔ اس قانون کے ذریعہ ان اداروں کو اب پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما کے بجائے ڈگریاں جاری کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگیا ہے۔ وزیر فروغ انسانی وسائل پرکاش جائوڈیکر نے گزشتہ ماہ راجیہ سبھا میں بحث کا آغاز کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ بل ان اداروں کو خوداختیاری فراہم کرے گی اس سے حکومت کی مداخلت کو ختم کردیں گے۔