انتہا پسندانہ سرگرمیوں کی مخالفت: وائی ایس آر کانگریس پارٹی
حیدرآباد 30 اکٹوبر (سیاست نیوز) ریاستی وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے آئی او بی میں گزشتہ ہفتہ پیش آئے انکاؤنٹر کی مکمل غیر جانبدارانہ تحقیقات کروانے کا حکم دینے حکومت آندھراپردیش سے پرزور مطالبہ کیا۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پارٹی ترجمان شریمتی وائی ریڈی پدما نے یہ بات کہی اور بتایا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی انتہا پسندانہ سرگرمیوں کی پوری طرح سے مخالف ہے اور کوئی بھی جدوجہد اپنے مطالبات کو منوانے کے لئے پرامن طور پر کی جاسکتی ہے۔ علاوہ ازیں جمہوری انداز میں دستور کے دائرہ میں رہ کر بڑے پیمانے پر جدوجہد منظم کی جاسکتی ہے۔ انھوں نے واضح طور پر کہاکہ ہر گوشہ سے بالخصوص عوامی تنظیموں و صحافتی شعبہ کی جانب سے بھی آئی او بی میں گزشتہ ہفتہ پیش آئے انکاؤنٹر کے تعلق سے کئی شکوک و شبہات کا اظہار کررہے ہیں جبکہ اس انکاؤنٹر میں ایک ساتھ 30 انتہا پسندوں کی ہلاکت ہوئی ہے اور کئی انتہا پسند شدید زخمی ہوئے ہیں۔ شریمتی پدما نے کہاکہ پیش آئے انکاؤنٹر واقعہ میں 30 انتہا پسندوں کے ساتھ صرف ایک ہی پولیس ملازم ہلاک ہوا ہے اور اس صورتحال کے پیش نظر ہی پیش آئے انکاؤنٹر واقعہ کو فرضی اور غیر انسانی قرار دیا جارہا ہے۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی ترجمان نے مزید کہاکہ ہر ایک کا یہی احساس ہے کہ انکاؤنٹر واقعہ جھوٹ پر مبنی اور فرضی ہے لہذا اس فرضی انکاؤنٹر واقعہ کی مکمل تحقیقات کا حکم دینے کی ذمہ داری چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو پر ہی عائد ہوگی۔