بعض مقامات پر ہلکی و تیز بارش کا امکان، محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی
حیدرآباد۔22اپریل(سیاست نیوز) شہر میں گذشتہ ایک ہفتہ سے جاری شدید دھوپ کی تمازت اور لو کے بعد آئندہ ایک ہفتہ کے دوران موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیش قیاسی کے مطابق شہر حیدرآباد میں آئندہ ہفتہ کے دوران درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جائے گی اور بعض مقامات پر بادل کے علاوہ ہلکی و تیز بارش کے بھی امکانات ہیں۔ شہر حیدرآباد میں موسم گرما کے دوران گذشتہ ہفتہ شدید گرمی اور تمازت والا رہا اور اس ایک ہفتہ میں حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی درجہ حرارت میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بتایاجاتاہے کہ شہر حیدرآباد میں گذشتہ ہفتہ کے دوران درجہ حرارت 41 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کرگیا اور آئندہ ایک ہفتہ کے دوران درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 40 ڈگری ریکارڈکیا جائے گا جبکہ 24اور 25اپریل کو درجہ حرارت 41 ڈگری سیتجاوز کرجانے کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر حیدرآباد میں مطلع ابر آلود ہونے کے باعث گرمی کی تمازت میں کچھ حد تک کمی ریکارڈ کی جا سکتی ہے کیونکہ گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران گرمی کی شدت اور مطلع صاف ہونے کے سبب 40 ڈگری درجہ حرارت میں احساس 45 ڈگری کا ہو رہا تھا اور گرم ہواؤں کے سبب طبعیت میں نقاہت بھی پیدا ہونے لگی تھی۔ شہر حیدرآباد میں گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ساتھ گرم ہواؤں کے سلسلہ میں بھی محکمہ موسمیات کی جانب سے انتباہ جاری کیا جا رہاہے کہ شدید دھوپ کے اوقات میں گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں اور گرم ہواؤں سے خود کو محفوظ رکھیں تاکہ لو لگنے کے واقعات سے محفوظ رہا جا سکے۔ سرکاری دواخانوں سے حاصل کی جانے والی تفصیلات کے مطابق گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران 25تا30لو لگنے کی شکایات کے ساتھ مریض دواخانوں سے رجوع ہوئے ہیں لیکن ان کی حالت مستحکم ہے اور انہیں معمولی علاج کے بعد روانہ کردیا گیا ہے لیکن آئندہ دنو ںمیں گرمی کی تمازت میں اضافہ کے خدشات کے پیش نظر عوام کو لو لگنے کے واقعات سے بچنے کیلئے احتیاطی اقدامات کرنے چاہئے اور شدید دھوپ کے وقت گھروں سے نکلنے سے اجتناب کیا جانا چاہئے ۔ ماہر اطباء کا کہناہے کہ شدید گرمی اور لو لگنے سے بچنے کے لئے زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کیا جائے اور دھوپ کے وقت باہر نکلنے سے گریز کرنے کے علاوہ جسم سے پانی کے اخراج کا اندازہ لگاتے رہیں اور جسم میں پانی کی کمی نہ ہونے دیں ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ایک ہفتہ کے دوران درجہ حرارت کم ازکم 23ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ 41 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا جائے گا۔