رئیل اسٹیٹ شعبہ کو ترقی پذیر بنانے ڈیولپرس کی مساعی
حیدرآباد27 ستمبر (سیاست نیوز) تقسیم آندھراپردیش و تشکیل تلنگانہ کے بعد شہر حیدرآباد کی رئیل اسٹیٹ دگر گوں صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے سرکاری سطح پر بھی مختلف اقدامات کئے جارہے ہیں اور حیدرآباد کو عالمی شہرت یافتہ شہروں کی فہرست میں شامل کرنے کی کوششیں تیز کی جارہی ہیں۔ گزشتہ 15 ماہ کے دوران شہر حیدرآباد کے جائیدادوں کی قیمتوں میں پیدا ہورہے عدم استحکام کو دور کرنے کے لئے شہر میں دستیاب سہولتوں کی نمائش کو یقینی بناتے ہوئے شہر حیدرآباد کے رئیل اسٹیٹ مارکٹ کو مستحکم بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اِسی کوششوں کے سلسلہ میں تلنگانہ رئیل اسٹیٹ ڈیولپرس اسوسی ایشن نے اپنے چھٹویں پراپرٹی شو کے انعقاد کا اعلان کیا ہے جو 2 تا 4 اکٹوبر ہائی ٹیکس میں منعقد ہوگا۔ حیدرآباد میں میٹرو ریل کے علاوہ مختلف ملٹی نیشنل کمپنیوں کی جانب سے اپنے تحقیقی مراکز کے قیام اور روزگار کی فراہمی کے مواقع پیدا کئے جانے کے بعد حیدرآباد کی اہمیت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اِسی صورتحال کی نمائش کے ذریعہ رئیل اسٹیٹ تاجرین اپنے کاروبار کو مستحکم بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے بھی شہر حیدرآباد کے علاوہ اطراف و اکناف کے مضافات کی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے رئیل اسٹیٹ تاجرین سے تعاون بھی کیا جارہا ہے تاکہ شہر حیدرآباد کی تجارتی اہمیت میں مزید اضافہ ہوسکے۔ تشکیل تلنگانہ کے بعد سے ریاست کی صورتحال میں آئی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے تاجر برادری کی جانب سے دیگر شہروں بالخصوص غیر مقیم ہندوستانیوں کو راغب کروانے کے لئے شہر حیدرآباد میں جاری پُرکشش ترقیاتی اقدامات کی تشہیر کی جارہی ہے تاکہ غیر مقیم ہندوستانی جو سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں وہ جائیدادوں کی خریدی کے ذریعہ محفوظ سرمایہ کاری کرسکیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 2 تا 4 اکٹوبر ہونے والے اِس پراپرٹی شو میں زائداز 180 اسٹالس موجود رہیں گے جن میں رئیل اسٹیٹ سے جڑے شعبوں کے اسٹالس شامل رہیں گے۔ علاوہ ازیں وہ بینکرس جو ہاؤزنگ لون فراہم کرتے ہیں وہ بھی اس نمائش میں حصہ لیں گے۔