آئندہ ماہ حیدرآباد میں کل ہند تعلیمی کانفرنس

سرکردہ شخصیتوں کو مدعو کرنے کا فیصلہ، آل انڈیا مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی کا اجلاس

حیدرآباد 15 مارچ (سیاست نیوز) آل انڈیا مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی تلنگانہ اے پی کے زیراہتمام نیشنل تعلیمی کانفرنس 18 اپریل کو رویندرا بھارتی میں منعقد کی جارہی ہے۔ اس میں شرکت کے لئے نائب صدرجمہوریہ ہند جناب حامد انصاری نے رضامندی ظاہر کی ہے اور مرکزی وزراء جناب مختار عباس نقوی اقلیتی اُمور اور مسٹر اوپندرا سنگھ مملکتی وزیر فروغ انسانی وسائل اور سریش ظفر والا چانسلر مانو مہمان خصوصی ہوں گے۔ ریاستی وزیر اعلیٰ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو بھی دعوت دی گئی ہے۔ ان تمام اُمور کے لئے علیگڑھ کلب بشیر باغ میں منعقدہ ایم ای ایس کی جنرل باڈی میٹنگ میں صدر سوسائٹی جناب آصف پاشاہ سابق ریاستی وزیر نے تفصیلات سے واقف کروایا۔ جناب ایم ایس فاروق جنرل سکریٹری نے رپورٹ پیش کی اور استقبالیہ کمیٹی کے اراکین کے ساتھ مختلف کمیٹیاں تشکیل دیں اور ساوینر کی اشاعت کو قطعیت دی گئی۔ جناب غلام یزدانی ایڈوکیٹ نے مختلف تجاویز پیش کیں اور جناب رحیم الدین انصاری نے کامیاب انصرام کے لئے تمام ارکان کو سرگرم ہونے اور ہر قسم کا تعاون کرنے کی خواہش کی۔ جناب نعیم اللہ شریف، احمد بشیرالدین فاروقی نے ساوینر کمیٹی کے لئے تجاویز پیش کی۔ جناب جابر پٹیل کو مہمانان کی ذمہ داری سونپی گئی۔ اس موقع پر طے پایا کہ تعلیمی شعبہ جات میں خدمات انجام دینے والے شخصیات کو ایوارڈس عطا کئے جائیں۔ اجلاس میں اراکین سید سعادت علی، کمال الدین احمد، سعید آرکیٹکٹ، ایم اے حمید، محمد معید نے شرکت کی۔ آخر میں ایم ایس فاروق سکریٹری نے شکریہ ادا کیا۔