آئرش تاجروں نے اِسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا

لندن ۔ 4 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام)آئرلینڈ کے ایک گاؤں کے تاجروں نے اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کیساتھ ہی یہ گاؤں آئرلینڈ کا وہ واحد علاقہ بن گیا ہے، جہاں مجموعی سطح پر اسرائیلی منصوعات استعمال نہ کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا گیا ہے۔ آئرش انڈیپینڈینٹ میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کینوارا نامی گاؤں میں رہنے والے تاجروں، ہوٹلوں اور ریستورانوں کے مالکان اور ادویات فروخت کرنے والوں نے ’غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری‘ کے تناظر میں اس بائیکاٹ کا اعلان کیا۔ آئرش فلسطین یکجہتی مہم (IPSC) کے مطابق کینوارا آئرلینڈ کا وہ واحد علاقہ ہے، جہاں رہنے والوں نے اجتماعی طور پر اس اقدام کا اعلان کیا ہے۔ آئی پی ایس سی کے کوآرڈینٹر کیون اسکوائرز کے مطابق، ’’جہاں تک میں جانتا ہوں، یہ واحد علاقہ ہے، جہاں ایسا ہو رہا ہے۔ ہوسکتا ہے دیگر علاقوں میں بھی ایسا کوئی اقدام کیا گیا ہو، تاہم اس سلسلے میں ہمیں آگاہ نہیں کیا گیا۔ ہم کینوارا کے رہائشیوں کو سلام کرتے ہوئے ان کے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہیں اور ہم اُمید کرتے ہیں کہ دیگر علاقے بھی فلسطینیوں کو انصاف دلانے ایسے ٹھوس اقدامات کریں گے‘‘۔