حیدرآباد کے علاوہ دیگر ریاستوں میں بھی مقابلے ، کنوینر پی انورادھا ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔ 18 اگست (سیاست نیوز) اِنٹیک ہیریٹیج کے قیام کے 30 برس کی تکمیل پر اِنٹیک کی جانب سے 22 اگست کو سالارجنگ میوزیم میں اِنٹیک ہیریٹیج کوئز 2014ء کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ ملک بھر کے مختلف مقامات سے تعلق رکھنے والے کالج طلبہ و اساتذہ شرکت کررہے ہیں اور شعور بیداری مہم کا حصہ بن رہے ہیں جس کے سبب تاریخی عمارات اور تہذیبی ورثے کے تحفظ کے متعلق عوام میں شعور اُجاگر ہورہا ہے۔ اسی طرح حیدرآباد اور اطراف و اکناف کے کالجوں کی جانب سے تین ارکان پر مشتمل ٹیم کے کوئز میں حصہ لئے جانے کی توقع کی جارہی ہے۔ مسز پی انورادھا ریڈی کنوینر انٹیک حیدرآباد کے بموجب کامیاب ہونے والی ٹیم کو 15 ہزار روپئے نقد انعام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں مختلف اداروں کی جانب سے دیگر انعامات و توصیفی اسناد کی پیشکشی عمل میں آئے گی۔ حیدرآباد میں منعقد ہونے والے ان کوئز مقابلوں کے طرز پر بنگلور، چینائی، تیرواننتا پورم، کولکتہ، احمدآباد، چندی گڑھ، ممبئی، بھوبنیشور کے علاوہ دہلی میں بھی کوئز مقابلوں کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ ابتدائی کوئز مقابلوں میں 6 ٹیمیں حصہ لیں گی اور ان میں کامیاب ٹیم کو اگلے راؤنڈ کیلئے موقع دیا جائے گا۔ تفصیلات کے بموجب ان کوئز مقابلوں میں ہندوستان کی تاریخ و تہذیب کے علاوہ تاریخ کے دلچسپ موضوعات اور ترقی پسند اقدامات کے متعلق سوالات کئے جائیں گے۔ کنوینر کوئز مقابلے مسز انورادھا ریڈی نے بتایا کہ گریٹر حیدرآباد چیاپٹر آف انٹیک کی جانب سے ان کوئز مقابلوں کا انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ مزید تفصیلات کیلئے E-mail: rohan@xpressminds.com کے علاوہ فون نمبر 8800899445 پرربط کیا جاسکتا ہے۔ مسٹر کنال ساورکر جوکہ معروف آرکیٹیکٹ ہیں ، اور جن کا تعلق ایکسپریس مائنڈس ایجوٹین منٹس سے ہے، وہ ان مقابلوں میں کوئز ماسٹر ہوں گے۔ ایکسپریس مائنڈ ایجوٹین منٹ پرائیویٹ لمیٹیڈ بھی ان کوئز مقابلوں میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔