اِسکول کا رکشہ والا

کتنا پابند ہے اسکول کا رکشہ والا
وقت میں بند ہے اسکول کا رکشہ والا
آٹھ دس بچوں کو یہ لاتا ہے لے جاتا ہے
حوصلہ مند ہے اسکول کا رکشہ والا
٭

بچے اسکول کے تیار کھڑے رہتے ہیں
اس کی گھنٹی پہ سدا کان پڑے رہتے ہیں
سب کے کام آتا ہے اسکول کا رکشہ والا
لوگ دُنیا میں کئی چھوٹے بڑے رہتے ہیں
٭
گنگناتا ہے کوئی گیت کبھی گاتا ہے
آتے جاتے ہوئے دل بچوں کے بہلاتا ہے
غیرحاضر کبھی ہوتا ہی نہیں ڈیوٹی سے
روز اسکول کو لے جاتا ہے گھر لاتا ہے
٭
اپنے بچوں کیلئے اس کی گزارش بھی نہیں
خود سے پڑھتے ہیں کوئی اس کی سفارش بھی نہیں
روک سکتا نہیں کوئی بھی ارادے سے اسے
کوئی آندھی کوئی طوفاں کوئی بارش بھی نہیں
رحمن جامی