اُ66 اُردو آفیسرس کے تقررات کیلئے اندرون ہفتہ اعلامیہ

جے این ٹی یو سے اشتراک، مئی میں امتحانات۔ پروفیسر ایس اے شکور کی انتھک مساعی
حیدرآباد۔/24 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں66 اردو آفیسرس کے تقررات کے سلسلہ میں اعلامیہ اندرون ایک ہفتہ جاری کردیا جائیگا۔ محکمہ اقلیتی بہبود کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب 66 مستقل نئی سرکاری جائیدادوں کی حکومت کی جانب سے منظوری دی گئی اور اب تقررات عمل میں آئیں گے۔ اردو اکیڈیمی کو تقررات کے سلسلہ میں نوڈل ایجنسی کا درجہ دیا گیا ہے۔ سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور نے انتھک مساعی کے ذریعہ اعلامیہ تیار کیا ہے۔ تقررات کے سلسلہ میں امتحانات جے این ٹی یو کے اشتراک سے منعقد کئے جائیں گے۔ توقع ہے کہ امتحانات ماہ مئی میں منعقد ہوں گے۔ تمام قانونی اور نظم و نسق سے متعلق اُمور کو پیش نظر رکھتے ہوئے نقائص سے پاک اعلامیہ تیار کیا گیا ہے۔ اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی امیدوار آن لائن درخواستیں داخل کرسکیں گے۔ تقررات کے سلسلہ میں ایک خصوصی ویب سائیٹ تیار کی گئی۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سرکاری سطح پر اردو کے استعمال کو یقینی بنانے کیلئے 66 اردو آفیسرس کے تقرر کا اعلان کیا۔ ان میں سے 6 اردو آفیسرس گریڈ I اور 60 اردو آفیسرس گریڈ II رہیں گے۔ یہ عہدیدار چیف منسٹر ، ریاستی وزراء ، اسمبلی، کونسل، اسپیکر اسمبلی، صدرنشین کونسل، چیف سکریٹری، ضلع کلکٹرس، جی اے ڈی، ڈائرکٹر جنرل پولیس، کمشنر پولیس اور دیگر دفاتر میں تعینات کئے جائیں گے۔ ان عہدیداروں کا کام اردو میں ملنے والی درخواستوں کو تلگو یا انگریزی میں ترجمہ کرتے ہوئے حکومت تک پہنچانا ہے۔ اردو آفیسرس کو 3 زبانوں پر عبور حاصل ہونا چاہیئے۔ پبلک سرویس کمیشن، پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ اور جے این ٹی یو کے ماہرین سے مسلسل مشاورت کے بعد ڈائرکٹر سکریٹری اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور نے اعلامیہ کو قطعیت دی ہے۔ تقررات میں رول آف ریزرویشن پر عمل کیا جائے گا اور ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی کی محفوظ نشستوں کیلئے امیدواروں کی عدم دستیابی کی صورت میں یہ نشستیں عام زمرہ کی نشستوں میں تبدیل کردی جائیں گی۔ گریڈ I اور گریڈ II امیدواروں کیلئے ویب سائیٹ پر ماڈل پیپر اور نصابی مواد دستیاب رہے گا۔ گریڈI اور گریڈ II کیلئے علحدہ درخواستیں داخل کرنی ہوں گی۔ گریڈ I کیلئے 600 روپئے اور گریڈ II کیلئے 500/- روپئے فیس مقرر کی گئی ہے۔ ایک امیدوار بیک وقت دو امتحانات میں شرکت کیلئے درخواست دے سکتا ہے۔ ایک دن میں 2 امتحانات منعقد کئے جائیں گے۔ صبح گریڈ I اور دوپہر میں گریڈ II امتحان رہے گا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ایسے امیدوار جنہوں نے 2 زمروں کیلئے درخواستیں داخل کی ہیں انہیں ایک ہی امتحانی مرکز الاٹ کرنے کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ انہیں ایک سنٹر سے دوسرے سنٹر پہنچنے میں زحمت نہ ہو۔ امتحانات حیدرآباد میں منعقد کئے جائیں گے اور امیدواروں کی تعداد کی بنیاد پر سنٹرس کی تعداد طئے کی جائے گی۔ نظام کالج مین امتحانی مرکز رہے گا۔ گریڈ I کیلئے تحریری امتحان کے علاوہ زبانی امتحان بھی رہے گا جس کے نشانات 30 رہیں گے۔ تحریری امتحان میں اردو سے انگریزی، انگریزی سے اردو اور اردو سے تلگو میں ترجمہ کرنا ہوگا۔ گریڈ II جائیدادوں کیلئے صرف تحریری امتحان کافی رہے گا۔ امیدواروں کیلئے دیگر شرائط و ضوابط آن لائن دستیاب رہیں گے۔ آن لائن سسٹم کو کارکرد رکھنے کیلئے سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور اور سکریٹری اقلیتی بہبود دانا کشور نے بینکوں اور می سیوا سنٹرس کے ذمہ داروں سے مشاورت کی ہے۔ گریڈ I آفیسرس کا اسکیل 37100-91450 رہے گا جبکہ گریڈ II آفیسر کا اسکیل 29840-78910 رہے گا۔ گریڈ I جائیداد کیلئے امیدوار کو ہندوستان کی کسی یونیورسٹی سے گریجویشن کی تکمیل کرنی ہوگی جس میں اردو ایک مضمون کے طور پر شامل ہو۔ دسویں کے امتحان میں تلگو سیکنڈ لینگویج کی حیثیت سے لازمی ہونی چاہیئے۔ گریڈ II آفیسرس کیلئے اردو مضمون کے ساتھ گریجویشن کے علاوہ میٹرک میں تلگو سیکنڈ لینگویج ضروری ہے۔ امیدواروں کی عمر 21 تا 44 سال کے درمیان ہونی چاہیئے۔حکومت کی جانب سے پہلی مرتبہ محکمہ اقلیتی بہبود میں 66 جائیدادوں پر تقررات کے ذریعہ حکومت کو اقلیتوں کا اعتماد حاصل ہوسکتا ہے۔ اقلیتی طبقات اور خاص طور پر مسلم کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے امیدوارو کیلئے یہ سنہری موقع ہے۔