اُپل پولیس کانسٹبلس کو عنقریب ترقی ، ڈی جی پی کا بیان

حیدرآباد۔ یکم فروری (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں اہل پولیس کانسٹبلس کو ہیڈ کانسٹبلس کے عہدے پر ترقی دیتے ہوئے آئندہ 10 یوم میں احکامات ترقی جاری کئے جائیں گے۔ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس تلنگانہ مہیندر ریڈی نے یہ بات بتائی اور کہا کہ محکمہ پولیس میں ایک طویل عرصہ سے زیرالتواء مختلف مسائل و موضوعات پر ان تمام شعبوں کے اعلیٰ پولیس عہدیداروں، تمام ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس، تمام ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرس و ملازمین اسوسی ایشن کے عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس طلب کرکے مسائل سے واقفیت حاصل کی۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس آفیسرس اسوسی ایشن کے قائدین نے اپنے مسائل سے ڈی جی پی کو واقف کروایا جس پر مہیندر ریڈی نے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان مسائل پر حکومت کی توجہ مبذول کروائی جائے گی اور مرحلہ وار اساس پر اقدامات کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گزشتہ عرصہ کے دوران دیئے گئے تیقنات کی روشنی میں اسٹاف یونیفارم الاؤنس کو 3,500 سے بڑھاکر 7,500 روپئے کرنے سے متعلق بہت جلد حکومت احکامات جاری کرے گی۔ علاوہ ازیں نئے اضلاع کی تشکیل کے موقع پر Order to Serve کے تحت ان اضلاع کو فرائض کی انجام دہی کیلئے چلے جانے والے ملازمین کی بیویوں، ٹرانسفرس کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ اس جائزہ اجلاس کے موقع پر ریاستی محکمہ پولیس کے شعبہ انٹلیجنس چیف نوین چند، انسپکٹر جنرل آف پولیس (پرسونل) شیودھر ریڈی، انسپکٹر جنرل آف پولیس (ویلفیر)، شریمتی سومیا مشرا کے علاوہ پولیس آفیسرس اسوسی ایشن صدر گوپی ریڈی اور دیگر بھی موجود تھے۔