بچو! اگر آپ سے کوئی پانی مانگے تو آپ گلاس بھر کر لے جاتے ہیں، لے جانے میں اکثر پانی چھلک بھی جاتا ہے لیکن اگر آپ گلاس کو الٹاکر کے لے جائیں تو پانی کا ایک قطرہ بھی نہیں گرے گا اور پورا بھرا ہوا گلاس آپ پیاسے تک لے جائیں گے۔ بھلا کیسے؟ بہت آسان ہے کسی پوسٹ کارڈ کا آدھا ٹکڑا لیجئے، اب ایک گلاس کو پانی سے پورا بھر لیجئے۔
اب اس بھرے ہوئے گلاس کے منھ پر پوسٹ کارڈ رکھیں اور اس پر اپنا ایک ہاتھ سہارے کے لئے رکھ کر گلاس تیزی سے الٹا کر دیجئے اور اپنا ہاتھ کارڈ پر سے ہٹا لیجئے۔ چونک پڑے نا۔ کارڈ گلاس کے منھ پر چپکا رہا اور پانی بھی گلاس کے اندر ہی رہا۔ اب اس حالت میں آپ گلاس کو ایک جگہ سے دوسری جگہ بھی لے جاسکتے ہیں۔ شرط یہ ہے کہ گلاس کسی ایک طرف جھکے نہیں سیدھا رہے اور زیادہ ہلے نہیں۔آپ سوچ رہے ہوں گے کہ ایسا ہوا کیسے؟ تو جناب! یہ ہوا کے دباؤ کا ثبوت، اثر اور جادو ہے۔ جب آپ گلاس الٹا کرتے ہیں تو ہوا کارڈ پر دباؤ ڈالتی ہے۔ گلاس میں پانی کا وزن اور دباؤ اتنا نہیں ہے کہ وہ ہوا کے دباؤ کو بے اثر کرسکے۔ لہذا کارڈ گلاس کے منھ پر چپکا رہتا ہے۔ اگر آپ نے گلاس کو پورا نہیں بھرا اور کارڈ لگا کر الٹا کردیا ہے تو آپ ایک بات اور دیکھ سکتے ہیں۔گلاس کے منھ پر لگے کارڈ کا ذرا سا کنارہ موڑیں تو پانی میں سے ہوا کا بلبلہ گزر کر اندر جاتا ہے۔ یعنی باہر سے ہوا گلاس کے اندر جاتی ہے یعنی باہر ہوا کا دباؤ زیادہ ہے اور اندر کم۔ اسی لئے باہر سے ہوا اندر جاتی ہے، بھلے ہی اس پانی میں سے ہوکر جانا پڑے۔