اُلفا کیخلاف سخت اقدامات کیلئے چیف منسٹر آسام گوگوئی کی ہدایت

گوہاٹی ۔ یکم ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام)چیف منسٹر آسام ترون گوگوئی نے آج ریاستی چیف سکریٹری اور ڈی جی پی کو ہدایت دی کہ وہ اُلفا (آئی) کے خلاف جو پتھر پیسنے کے ایک کارخانہ میں جو نامرو ضلع ڈمبروگڑھ میں واقع ہے ، فائرنگ کے واقعہ میں ملوث ہے ، سخت اقدامات کریں ۔ دریں اثناء چیف منسٹر نے جنرل آفیسر کمانڈنگ III کور سے آج صبح کل رات کے واقعہ کے سلسلے میں بات چیت کی اور اُن سے درخواست کی کہ تلاشی کی مہم میں شدت پیدا کردی جائے ۔ گوگوئی نے کہاکہ وہ مرکز سے خواہش کریں گے کہ اُلفا ( آئی ) اور این ایس سی این ( کے ) خلاف کارروائی میں شدت پیدا کردی جائے اور میانمار میں اُن کے خفیہ ٹھکانوں کا پتہ لگاکر اُنھیں تباہ کردیا جائے ۔ چیف منسٹر نے چیف سکریٹری کو موثر کارروائی کیلئے ایک لائحہ عمل تجویز کیا ہے تاکہ نظم و قانون کی مشنری کو مزید مستحکم کیا جاسکے جسے عسکریت پسندوں کی جانب سے مسلسل دھمکیاں وصول ہورہی ہیں ۔ گوگوئی نے کہاکہ انتظامیہ کو ان دھمکیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہوجانا چاہئے اور عوام کی توقعات پر پورا اُترنا چاہئے ۔ اُلفا آسام میں کافی عرصہ سے سرگرم ہے اور اس کا ایک اعلیٰ سطحی قائد فرار ہوکر بنگلہ دیش میں روپوش ہوگیا تھا جسے حال ہی میں بنگلہ دیش نے ہندوستان کی تحویل میں دیا ہے ۔