اُری حملہ آور کشمیری تھے، جیش محمد کا دعویٰ

چار کشمیریوں نے فوج کے ساتھ چار گھنٹے تک مقابلہ کیا
نئی دہلی 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) دہشت گرد تنظیم جیش محمد کی جانب سے چلائے جانے والے پروپگنڈہ ویب سائٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اتوار کے دن اُری فوجی کیمپ پر حملہ کرنے والے کشمیری تھے۔ کشمیر کے اندر ہی تیار ہونے والے مجاہدین نے یہ کام کیا ہے۔ ڈائرکٹر جنرل ملٹری آپریشنس لیفٹننٹ رنبیر سنگھ نے قبل ازیں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ دہشت گرد جیش محمد سے تعلق رکھتے تھے اور ان تمام بیرونی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔ القلم آن لائن ڈاٹ کام ویب سائٹ کے نیوز سیکشن میں چہارشنبہ کو پوسٹ کردہ پیام میں جیش محمد نے کہاکہ اس حملے کے لئے وہ ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ نہیں کرتی ہے کیوں کہ یہ حملہ کشمیریوں نے ہی کیا ہے اور ہندوستان اس حملے کے بعد کسی بنیاد کے بغیر پاکستان پر الزام عائد کررہا ہے۔ اُردو ویب سائٹ جس کو جیش محمد کی جانب سے چلایا جاتا ہے یہ بھی کہا گیا ہے کہ کشمیری مجاہدین نے کم از کم چار بیرکس کو آگ لگادی اور 12 سپاہی زندہ جل کر ہلاک ہوگئے۔ اس نے مزید کہاکہ اس حملہ میں 19 ہندوستانی سپاہی ہلاک ہوئے ہیں اگرچیکہ مرنے والوں کی تعداد 18 بتائی گئی ہے۔ جو سپاہی کشمیر میں نہتے شہریوں پر حملے کررہے ہیں، کشمیری مجاہدین کے اس حملے کے بعد جان بچانے اِدھر اُدھر دوڑ رہے ہیں۔ اس فوجی کیمپ میں حملے کے وقت 13000 سپاہی موجود تھے۔ اس کے باوجود ان لوگوں نے پیرا ملٹری فورس کو بارہمولہ سے طلب کیا۔ تاکہ ان ہندوستانی سپاہی کو بچایا جاسکے۔ فوج کے پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں اور سپاہیوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ تقریباً صبح 5.30 بجے سے 8.30 بجے تک (3 گھنٹے) جاری رہا۔ جیش محمد کا دعویٰ ہے کہ کشمیری مجاہدین نے فوجی جوانوں کے ساتھ چار گھنٹوں تک لڑائی کی۔