اُردو یونیورسٹی میں پہلا مہاراجہ سر کشن پرشاد شادؔ میموریل لکچر

حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ) : مولاناآزاد نیشنل اردویونیورسٹی، مرکز برائے اردو زبان‘ ادب وثقافت کے زیر اہتمام 4/اپریل ، 3 بجے سہ پہر مہاراجہ سرکشن پرشاد شادؔ میموریل لکچر کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ ڈائرکٹر مرکز پروفیسر خالد سعید کے بموجب پروفیسر محمد میاں‘ شیخ الجامعہ صدارت کریں گے۔ اس لکچر میں محققِ دکن ڈاکٹر داؤد اشرف بعنوان ’’مہاراجہ سرکشن پرشاد شادؔ: شخصیت اور کارنامے‘‘ اور پروفیسر اشرف رفیع بعنوان ’’مہاراجہ سرکشن پرشاد شادؔ: شخصیت اور ان کی اردو خدمات‘‘ پر میموریل لکچر پیش کریں گی۔ حیدرآباد میں علم وثقافت کے استحکام اور قومی یکجہتی کے فروغ میں مہاراجہ کشن پرشاد کا اہم رول رہا ہے۔ آج بھی مہاراجہ کے خانوادے کی جانب سے علم وثقافت کی سرپرستی جاری ہے۔ اسی خانوادے کی ایک ممتاز شخصیت راجکماری اندرا دھن راج گیرجی نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں مرکز برائے اردو زبان‘ ادب و ثقافت کے تحت مہاراجہ میموریل لکچر سیریز کے انعقاد کے لیے اپنی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے مالی تعاون کی پیش کش کی ہے جسے یونیورسٹی نے بخوشی قبول کرلیا ہے۔