حیدرآباد، 28؍اگست (پریس نوٹ) شعبۂ ترسیل عامہ و صحافت ، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں عالمی ادارہ صحت یونیسیف کے اشتراک سے 30 اور 31؍ اگست 2018 کو صحت عامہ پر کریٹیکل اپرائیزل اسکلس (تنقیدی جائزے میں مہارت) تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ پروفیسر احتشام احمد خان، صدر شعبہ و ڈین کے بموجب ورکشاپ کا مقصد ٹیکہ اندازی کے اہم موضوع پر بامعنی مباحث کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے ساتھ اختراعی صلاحیت میں اضافے کی کوشش کے طور پر صحت سے متعلق امور کی رپورٹنگ کے خلاء کو پر کرنے کی یہ ایک کوشش ہے۔ ورکشاپ میں صحافتی نمائندے اور اساتذہ شرکت کریں گے۔ یونیسیف اس طرح ہندوستان میں صحت عامہ کی رپورٹنگ کیلئے سی اے ایس پروگرام کا آغاز کر رہی ہے۔ ملک بھر سے ممتاز صحافی اور ماہرین کو تربیتی پروگرام میں بحیثیت رسورس پرسن مدعو کیا گیا ہے۔ یونیسیف نے مانو کے ترسیل عامہ و صحافت کے طلبہ کے لیے پہلی مرتبہ اردو میں سی اے ایس پروگرام پر مبنی ایک کورس کی بھی پیشکش کی ہے۔