اُردو یونیورسٹی میں ترجمہ پر پانچ روزہ ورکشاپ کا کامیاب انعقاد

حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : معروف ترجمہ نگار جناب ڈاکٹر محمد علی علی الخلیدی، اسسٹنٹ پروفیسر، اِب یونیورسٹی، یمن نے بینکوں میں استعمال ہونے والے اصطلاحی جملوں اور پیراگراف کے ترجمے نیز ترجمہ کے نظریاتی وعملی دونوں پہلؤوں کا احاطہ کرتے ہوئے 5 روزہ ورکشاپ میں فن کی تکنیک سے واقف کروایا۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ زبانوں کی قواعد کے علاوہ ان کی ساخت پرتوجہ دیں تاکہ جب وہ ترجمہ کریں تو اصل متن سے قریب تر ہو۔ شعبۂ عربی‘ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں ترجمہ کے موضوع پرمنعقدہ ورکشاپ کا 23 مارچ کو اختتام ہوا۔ پروفیسر شکیل احمد، پرو وائس چانسلر، مانو نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے شعبۂ عربی کے طلبہ کی ہمہ جہت کامیابی اور ورکشاپ کے کامیاب انعقاد پر صدر شعبہ ڈاکٹر سید علیم اشرف جائسی اور ان رفقاء کار ستائش کی۔ انہوں نے ورکشاپ کے رسورس پرسن ڈاکٹر محمد علی علی الخلیدی کا شکریہ ادا کیا ۔ ورکشاپ میں حصہ لینے والے طلبہ کے علاوہ پرفیسر سید حسیب الدین قادری ‘صدر شعبۂ انگریزی اور پروفیسر شاہد نوخیز ‘صدر شعبۂ فارسی نے اپنی موجودگی سے طلبہ کی حوصلہ افزائی فرمائی۔ڈاکٹر طلحہ فرحان، اسسٹنٹ پروفیسر و ورکشاپ کنوینر نے نظامت کے فرائض انجام دیے ۔