اُردو یونیورسٹی میں آج طلبہ یونین کے انتخابات

حیدرآباد، 5؍ ستمبر (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی، اسٹوڈنٹس یونین کے انتخابات برائے تعلیمی سال 2018-19 ، جمعرات 6؍ ستمبر کو ہوں گے۔ پروفیسر نجم الحسن‘ چیف ریٹرننگ آفیسر کے بموجب رائے دہی صبح 9:30 تا 1:30 بجے دن ہوگی۔ 2:30 بجے سے ووٹوں کی گنتی کا آغاز ہوگا۔ اسی شام نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔حلف برداری تقریب 10؍ستمبر کو 3:30 بجے دن ہوگی۔ صدر، نائب صدر، سکریٹری، جوائنٹ سکریٹری اور خازن کے عہدوں کے لیے انتخابات ہوں گے۔ ان کے علاوہ ہر اسکول آف اسٹڈیز اور سٹیلائٹ کیمپس کے لیے ایک رکن کا بھی انتخاب عمل میں آئے گا۔ تفصیلات یونیورسٹی ویب سائٹ www.manuu.ac.in سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔

محکمہ ٹاون پلاننگ کی تاخیر پر جی ایچ ایم سی تعمیری اجازت نامہ
حیدرآباد /5 ستمبر ( سیاست نیوز ) تعمیری اجازت نامہ میں محکمہ ٹاون پلاننگ کی جانب سے اگر 21 دن سے زیادہ تاخیر ہوتی ہوتو ایسی صورت میں جی ایچ ایم سی تعمیری اجازت نامہ جاری کرسکتی ہے ۔ جی ایچ ایم سی نے سو فٹ ٹیک انجینئیرز پرائیویٹ لمیٹیڈ اور اڈمنسٹریٹیو اسٹاف کالج آف انڈیا کے تعاون سے ایک ڈیولپمنٹ پرمیشن منیجمنٹ سسٹم DPMS تیار کیا ہے جو آن لائین بلڈنگ اجازت نامہ جاری کرے گا ۔ اس کے علاوہ جی ایچ ایم سی نے اعلان کیا ہے کہ اگر محکمہ ٹاون پلاننگ مقررہ مدت کے اندر اگر اجازت نامہ اجراء کرنے سے قاصر ہوتو ٹاون پلاننگ کے متعلقہ اسٹاف پر ایک ہزار روپئے فی دن جرمانہ بھی عائد کیا جائیگا ۔