اُردو کی 66 جائیدادوں کے نتائج کا اعلان

گریڈ II کے 60 کامیاب، اور گریڈ I کے 26 امیدوار کا انتخاب ، محمد محمودعلی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 21 جون (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے آج شام اُردو کی 66 جائیدادوں کے نتائج کا اعلان کردیا۔ گریڈ II کے کامیاب امیدواروں کا 30 جون کو سرٹیفکٹ ویری فکیشن ہوگا جبکہ گریڈ I کے امیدواروں کیلئے 3 اور 4 جولائی کو زبانی ٹسٹ ہوگا۔ نتائج کا اعلان کرنے کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے اُردو کے 66 مترجمین کا تقرر کرنے کا اسمبلی میں اعلان کیا تھا اور تقررات کیلئے اُردو اکیڈیمی کو نوڈل ایجنسی قرار دیا گیا تھا۔ اُردو اکیڈیمی نے جے این ٹی یو کے اشتراک سے امتحانات کا کامیاب طریقے سے انعقاد عمل میں لایا۔ ان امتحانات کیلئے28 مارچ کو اعلامیہ جاری کیا گیا اور 20 مئی کو امتحان منعقد کیا گیا اور آج شام سکریٹریٹ میں نتائج جاری کئے جارہے ہیں ۔ گریڈ I کی 6 جائیدادوں کیلئے 978 اور گریڈ II کے 60 جائیدادوں کیلئے 4518 جملہ 5496 امیدواروں نے درخواستیں داخل کی تھی تاہم گریڈ I کیلئے 792 اور گریڈ II کیلئے 3496 جملہ 4288 امیدواروں نے امتحانات میں شرکت کی۔ گریڈ II کے لئے صرف تحریری امتحان تھا۔ جس میں کامیاب ہونے والے 60 امیدواروں کے 30 جون کو سرٹیفکٹس کی جانچ ہوگی۔ گریڈ I کے تحریری کے ساتھ زبانی امتحانات ہیں۔ گریڈ I کے لئے 26 امیدواروں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ان کا 3 اور 4 جولائی کو زبانی ٹسٹ کا انعقاد کرکے ان میں 6 امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے وعدے کے مطابق 66 اُردو جائیدادوں پر تقرر کا عمل پورا کرنے پر چیف منسٹر سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد تلنگانہ کے 31 اضلاع میں اُردو کو سرکاری زبان قرار دیا گیا ہے۔ وزرائ، ڈی جی پی، کلکٹرس کے پاس اُردو درخواستوں کی یکسوئی کے لئے اِن مترجمین کا تقرر کیا جارہا ہے۔ آئندہ سے سرکاری سطح پر اُردو کی جو بھی درخواستیں وصول ہوں گی اس کا جائزہ لیتے ہوئے اُردو میں جواب دیا جائے گا۔ اس موقع پر سکریٹری اقلیتی بہبود دانا کشور، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم، سکریٹری اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور بھی موجود تھے۔