اُردو کی ترقی و ترویج کیلئے قومی کمیشن کے قیام منصوبہ

راجمندری 12 جنوری (پی ٹی آئی ) مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل ایم ایم پلم راجو نے معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے مرکزی حکومت کے عہد کا اعادہ کرتے ہوئے آج کہا کہ اعلی تعلیم کیلئے راشٹریہ اوچتر شکھشا ابھیان (آر یو ایس اے ) کو دو منصوبوں کے ذریعہ وسعت دی جائے گی ۔ مسٹر پلم راجو نے کاکیناڈا کے قریب جواہر لعل نہرو ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی (جے این ٹی یو) میں تعلیم اساتذہ کے انٹر یونیورسٹی سنٹر (آئی یو سی ) کے افتتاح کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ ’’ہم بارہویں پنچسالہ منصوبہ کے دوسرے سال میں ہیں حکومت ملک کے تمام بچوںاور نوجوانوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے تمام ضروری اقدامات کررہی ہے‘‘ ۔

کاکیناڈا، مسٹر پلم راجو کا حلقہ انتخاب بھی ہے جہاں ملک کا چوتھا آئی یو سی قائم کیا گیا ہے۔ مسٹر پلم راجو نے مطلع کیا کہ راشٹریہ سنسکرت سستھان کے قیام کے بعد مرکزی حکومت اب اردو زبان کی ترقی و ترویج کیلئے اردو کمیشن کے قیام کا منصوبہ بنارہی ہے ۔مسٹر راجو نے کہا کہ ’’ملک میں تقریباً 95 فیصد اعلی تعلیم قومی اعلی تعلیمی مہم کے تحت فراہم کی جارہی ہے۔ 90ہزار کروڑ کی یہ فلیگ شپ اسکیم اعلی تعلیم کے فروغ کیلئے گذشتہ سال مرکزی کابینہ کی طرف سے منظور کی گئی جو اعلی تعلیمی اداروں پر توجہ مرکوز کرے گی اور ریاستی سطح پر دوررست اصلاحات کی راہ ہموار کرے گی۔

راشٹریہ اوچتر شکھشا ابھیان کے تحت ملک کی تمام ریاستوں کی 316 یونیورسٹیز اور 13,024 کالجوں کااحاطہ کیا جائے گا۔ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) کے چیر مین ویدھ پرکاش نے ابھیان کے تحت کئے جانے والے مختلف اقدامات کا تذکرہ کیا۔ ٹیچرس ایجوکیشن کی قومی کونسل کے چیر مین سنتوش پانڈے نے کہا کہ اہلیتی ٹسٹ میں حصہ لینے والے 95 فیصد ٹیچرس محض تربیتی مراکز کے فقدان کے سبب ناکام ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی یو سی ایسے ٹیچرس کو تعلیم میں عصری ٹیکنک سے آراستہ کرتے ہوئے اہلیتی ٹسٹ میں کامیابی کیلئے مدد کرے گی۔