مخدوم ایوارڈ 2 لاکھ روپئے اور کارنامہ حیات ایوارڈ کی رقم 50 ہزار روپئے ہوجائے گی
حیدرآباد ۔ 26۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے اردو اکیڈیمی کے ذریعہ دیئے جانے والے ایوارڈس کی رقم کو دوگنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے آج احکامات جاری کئے ۔ اس طرح جاریہ سال مخدوم ایوارڈ اور کارنامۂ حیات ایوارڈس کی رقم علی الترتیب دو لاکھ روپئے اور 50,000 روپئے ہوجائے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے گزشتہ دنوں ایوارڈس کی رقم میں ا ضافہ کا تیقن دیا تھا، جس کے بعد سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور نے حکومت کو فائل روانہ کی جس کی منظوری حاصل ہوچکی ہے۔ مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات پر مخدوم اور کارنامۂ حیات ایوارڈس دیئے جاتے ہیں۔ مخدوم ایوارڈ کا آغاز 1980 ء میں ہوا اور اردو اکیڈیمی نے پہلا ایوارڈ شاعری کے شعبہ میں علی سردار جعفری کو پیش کیا تھا ۔ اس وقت ایوارڈ کے تحت 10,000 روپئے دیئے گئے ۔ 1990 ء میں اس ایوارڈ کی رقم 15,000 روپئے کی گئی جبکہ سن 2000 ء میں رقم کو بڑھاکر ایک لاکھ کیا گیا جو ابھی تک برقرار تھی ۔ جاریہ سال سے اس ایوارڈ کے تحت دو لاکھ روپئے دیئے جائیں گے۔ مخدوم ایوارڈ کے تحت ابھی تک 18 مختلف شخصیتوں کو اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ کارنامۂ حیات ایوارڈس کا 1993 ء میں آغاز ہوا جس کے تحت 5000 روپئے دیئے جاتے تھے ۔ 2004 ء میں ایوارڈ کی رقم کو بڑھاکر 25000 کیا گیا جو ابھی تک برقرار تھی ۔ جاریہ سال سے اس ایوارڈ کے تحت 50,000 روپئے دیئے جائیں گے۔ سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ جناب ابراہیم بن عبداللہ مسقطی مرحوم کے دور صدارت میں اردو اکیڈیمی نے 7 مختلف شعبوں کے ایوارڈس کو اہم شخصیتوں کے نام سے معنون کیا۔ شاعری کے زمرہ میں امجد حیدرآبادی اور سعید شہیدی ایوارڈس دیئے جاتے ہیں جبکہ نثر میں آغا حیدر حسن مرزا، تعلیم کے شعبہ میں پروفیسر حبیب الرحمن، تحقیق و تنقید کے زمرہ میں محی الدین قادری زور، صحافت میں محبوب حسین جگر اور فروغ اردو میں سرینواس لاہوٹی ایوارڈس پیش کئے جاتے ہیں ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ جاریہ سال مخدوم اور کارنامۂ حیات ایوارڈس کیلئے جلد ہی تاریخ کا تعین کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اردو کی نمایاں شخصیتوں کو ایوارڈ کے تحت مناسب رقم فراہم کرنے کے جذبہ کے تحت حکومت نے رقم کو دوگنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلہ کا ادبی حلقوں میں زبردست خیرمقدم کیا گیا۔ اکیڈیمی کے ذریعہ ہر سال مولانا آزاد ایوارڈ پیش کیا جاتا ہے جو مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش کے موقع پر دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس ایوارڈ کی رقم ایک لاکھ 25 ہزار ہے، جس میں فی الوقت کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔