لکھنؤ۔/19جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) اتر پردیش اردو اکیڈیمی کے مجوزہ اردو آئی اے ایس اسٹڈی سنٹر اگسٹ کے آخری ہفتہ تک اردو اکیڈیمی کے دفتر گومتی نگر میں شروع ہوجانے کے قوی امکانات ہیں۔ یہ بات اکیڈیمی کے چیرمین ڈاکٹر نواز دیوبندی نے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ اس مجوزہ اسٹڈی سنٹر کے معیار سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ سنٹر میں بہترین اساتذہ کی خدمات حاصل کی جائیں گی اور کلاس رومس ڈیجیٹل ہوں گے جس میں لیکچر کو ریکارڈ کرکے اس کی سی ڈی طلباء کو فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹڈی سنٹر کی اعزازی صلاح کار کمیٹی میں 11افراد شامل ہیں جن میں بیشتر کا تعلق آئی اے ایس اور آئی پی ایس سے ہے۔ یاد رہے کہ اتر پردیش اردو اکیڈیمی ملک کی واحد اکیڈیمی ہے جہاں پہلی مرتبہ اردو آئی اے ایس اسٹڈی سنٹر قائم کیا جارہا ہے۔ اس سنٹر کے قیام کے لئے اکھلیش یادو حکومت نے ابتدائی گرانٹ ایک کروڑ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس گرانٹ کو دلانے میں ریاستی وزیر برائے شہری ترقی و اقلیتی بہبود و حج مسٹر محمد اعظم خاں نے کلیدی رول ادا کیا ہے۔ اس اثناء میں اردو اکیڈیمی کی مجلس عاملہ نے اکیڈیمی کو انعامات کیلئے موصولہ کتابیں جو 2011ء 2012، 2013 میں جمع کی گئی تھیں ان پر علی الترتیب 20،20 ہزار روپئے کے 15انعامات، پندرہ کتابوں کو 10ہزار،10ہزار کے انعامات اور دس، دس ہزار روپئے کے پندرہ انعامات دینے کی توثیق کردی ہے۔