چینائی۔/19جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) نیوکلیر مخالف جہد کار ایس پی اُدئے کمار نے مرکزی وزارت داخلہ کو ایک قانونی نوٹس روانہ کی ہے جہاں انہوں نے ایک خفیہ رپورٹ کا افشاء کرتے ہوئے انہیں ( اُدئے کمار ) بدنام کرنے والے ایک عہدیدار کے خلاف کارروائی کئے جانے کی خواہش کی۔ معتمد داخلہ کو بھیجی گئی نوٹس میں اُدئے کمار کے وکیل نے کہا کہ انٹلیجنس بیورو کے ایک جوائنٹ ڈائرکٹر نے اُن کے موکل کو بدنام کرنے کی کوشش کی جو سوائے جھوٹ کے اور کچھ نہیں۔ ایک خفیہ رپورٹ کا میڈیا کے سامنے قصداً افشاء کیا گیا تاکہ اُدئے کمار کی نیک نامی کو داغدار کیا جاسکے جو پیپوپلز موومنٹ اگینسٹ نیوکلیر انرجی جیسی اہم تحریک کے قائد ہیں جنہوں نے کونڈنولکلم نیو کلیر پراجکٹ کے خلاف کئی برسوں تک احتجاج کیا تھا۔
تاجر کے قتل میں پانچ افراد کے خلاف معاملہ درج
مظفرنگر۔/19جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) پولیس نے ایک مقامی تاجر سچن اگروال کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث پانچ افراد کے خلاف معاملہ درج کیا ہے۔ ایس ایس پی ایچ این سنگھ نے بتایا کہ پانچوں ملزمین کی راہول، جواہر، پرویندر، منیش چودھری اور وپن کی حیثیت سے شناخت عمل میں آئی ان تمام ملزمین پر اگروال کے خاندان کے ایک رکن پر حملہ کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔قتل جیسے جرم کا ارتکاب کرنے کے بعد تمام پانچوں ملزمین مفرور بتائے گئے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ 2010ء میں بھی ملزمین نے اگروال کے چچا کو قتل کرنے کی کوشش کی تھی۔ اگروال کے قتل کے بعد کھاٹولی نامی علاقہ میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔