نئی دہلی۔ 28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اُترپردیش کے کئی علاقے آج تیز بارش کے سبب بُری طرح متاثر رہے اور تقریباً 11 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ شمالی ہند کے مابقی حصوں میں گرمی کی شدید لہر برقرار تھی جہاں بعض مقامات پر درجہ حرارت 43 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔ قومی دارالحکومت میں مطلع ابر آلود تھا اور اعظم ترین درجہ حرارت اوسط 36.9 ڈگری سے صرف 2 ڈگری زائد تھا۔ اُترپردیش میں گرج چمک کیساتھ بارش اور 21 افراد کی ہلاکت کے بعد ریاستی حکومت نے ہنگامی اجلاس طلب کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیا۔ سرکاری ترجمان نے بتایا کہ بجلی گرنے، گرج چمک اور بارش کی وجہ سے یہ اموات ہوئی ہیں۔ اس کے برعکس شمالی ہند کے دیگر علاقوں بالخصوص راجستھان میں گرمی کی شدید لہر برقرار ہے اور یہاں عام زندگی متاثر رہی۔ چتور گڑھ میں اعظم ترین درجہ حرارت 45 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔